• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

خالہ روحی بانو کے انتقال کا سن کر سکون ملا، فریال محمود

شائع November 11, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ فریال محمود نے کہا ہے کہ شدید دماغی عارضے میں مبتلا خالہ روحی بانو کے پرسکون انتقال کی خبر سن کر انہیں بھی سکون ملا، کیوں کہ ان کی خالہ بہت تکلیف دہ زندگی گزار رہی تھیں۔

فریال محمود نے حال ہی میں اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں روحی بانو سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے ماضی کی مقبول اداکارہ سے اپنے رشتے پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ روحی بانو ان کی والدہ کی سگی کزن تھیں، اس طرح سے وہ ان کی خالہ ہوئیں اور ان کے درمیان اچھے خاندانی تعلقات رہے۔

ان کے مطابق والدہ نے انہیں بتایا کہ روحی بانو جوانی میں ہی دماغی عارضے ’شیزو فرینیا‘ کا شکار تھیں لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ان کا عارضہ بھی بڑھتا چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوانی میں بھی روحی بانو اپنے دماغی عارضے کی وجہ سے مسائل کا شکار تھیں، انہیں لباس پہننے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتی تھیں، وہ شلوار اور قمیض ایک جیسی نہیں پہن سکتی تھیں۔

فریال محمود نے بتایا کہ روحی بانو نے نفسیات کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی لیکن اس باوجو وہ اپنے دماغی عارضے ’شیزو فرینیا‘ کو سمجھ نہیں پائیں اور ان کی بیماری گزرتے وقت کے ساتھ شدت اختیار کرتی گئی۔

ان کے مطابق روحی بانو کو بیماری کے علاوہ بھی دیگر تکالیف پہنچیں، ان کے اکلوتے بیٹے علی کو جائیداد کی خاطر قتل کیا گیا، جس نے اداکارہ کو توڑ کر رکھ دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب تک روحی بانو کے بیٹے زندہ تھے، وہ ان کا اچھی طرح خیال رکھتے تھے، بیٹے کے قتل کے بعد وہ مزید بیمار ہوگئیں اور انہیں جب ہسپتال داخل کرایا جاتا تو وہ وہاں سے بھاگ کر گھر آجاتی تھیں۔

فریال محمود کا کہنا تھا کہ روحی بانو کو زندگی کے آخری ایام تک یہ خوف رہا کہ ان کے گھر پر قبضہ کرلیا جائے گا، اس لیے وہ علاج کی خاطر پر ہسپتال میں نہیں رکتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ زندگی کے آخری ایام میں روحی بانو ترکیہ میں موجود اپنی بہن کے پاس چلی گئی تھیں، جہاں ان کا انتقال ہوا اور ان کی موت کی خبر سن کر انہیں سکون ملا۔

فریال محمود نے دلیل دی کہ روحی بانو تکلیف دہ زندگی گزار رہی تھیں، اس لیے ان کی موت کا سن کر انہیں بھی سکون ملا کہ اب وہ بہتر جگہ پر ہوں گی۔

اگرچہ فریال محمود نے بتایا کہ روحی بانو کے بیٹے کو ملکیت کی خاطر قتل کیا گیا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس نے قتل کیا؟

خیال رہے کہ ماضی کی مقبول اداکارہ روحی بانو زندگی کے آخری سال میں شدید علالت کے بعد 2019 میں ترکیہ میں انتقال کر گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024