• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

کل غیرسیاسی خاتون کی آڈیو آئی، بشریٰ بی بی سیاست نہیں کرتیں تو اجلاس میں کیا کرتی ہیں؟ عظمیٰ بخاری

شائع November 19, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سیاست نہیں کر رہیں تو اجلاسوں میں کیا کرتی ہیں،کل غیر سیاسی خاتون کی آڈیو سامنے آئی ہے، سیاسی تقریر کرنا، سیاسی پلاننگ کرنا سیاست میں حصہ لینا ہی ہوتا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بشری بی بی کی پی ٹی آئی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کی مبینہ آڈیوز چلائیں اور کہا کہ کیا ایسی ہوتی ہیں غیر سیاسی گھریلو خواتین؟ کیا بشری بی بی اپنے بچوں، پوتوں، نواسوں اور عمران خان کے دونوں بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ہمراہ کنٹینر پر کھڑی ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرسیاسی خاتون ایم این ایز،ایم پی ایز کو ہدایت دے رہی ہیں، سیاسی تقریر کرنا، سیاسی پلاننگ کرنا سیاست میں حصہ لینا ہی ہوتا ہے، بشریٰ بی بی سیاست نہیں کررہیں تو اجلاسوں میں کیا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وسائل کو ریاست کے خلاف استعمال کرتے ہیں، اس وقت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، خیبرپختونخوا میں پولیس والے اغوا ہو رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور آج ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے، علی امین گنڈاپور بتائیں کس کا پیغام لے کر گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی حالت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، جب عوام کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے تو وہ باہر کیوں نکلیں گے۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف جہاد نہیں ہوسکتا، صوبے کا وزیراعلی جہاد کے نعرے لگا رہا ہے، علی امین فسادی سیاست کے بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دیں۔

صوبائی وزیراطلاعات کہ پنجاب کی سمجھدار عوام ان کی کسی کال پر آج تک باہر نہیں نکلی بلکہ ان کے تو اراکین پنجاب اسمبلی تک یا تو گھروں سے نکلتے نہیں یا پھر فرمائشی گرفتاریاں دے دیتے ہیں۔

عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات موجود ہیں کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد پر گذشتہ دھاوے پر تقریبا 80 کروڑ روپے کا سرکاری خرچہ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی بار چندے کے پیسے پر پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین باقاعدہ گھتم گتھا ہو گئے تھے اور اب ایک بار پھر وہ چندہ اکٹھا کرنا شروع ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے بچیں جبکہ احتجاج کے لیے مؤثر تحریک اور وفاداری کی بنیاد پر ہی پی ٹی آئی میں ان کے مسقبل کا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی رہنما کی پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی بھی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی ضمانت نہیں دے گی اگر وہ احتجاج کے دوران توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج آپ لوگوں کی پی ٹی آئی سے وفاداری کا امتحان ہے، ہمارا ہدف عمران خان کی رہائی کو یقینی بنانا ہے اور ہم ان کے بغیر اسلام آباد سے واپس نہیں آئیں گے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024