• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

بھارت، پاکستان میں طے شدہ بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ سے دستبردار

شائع November 19, 2024
— فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
— فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھارتی کرکٹ ٹیم وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سے دستبردار ہوگئی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل سے نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ ( این او سی) مل گیا تھا تاہم اسے حکومتی منظوری کا انتظار تھا۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن ( آئی بی سی اے) کے صدر شیلنڈرا یادو نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے سرحد پار سفر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں رواں ہفتے 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔

شیلنڈرا یادو نے مزید بتایا کہ انہیں باضابطہ تحریری طور پر حکومتی انکار موصول نہیں ہوا ہے اور صرف زبانی طور پر پاکستان سفر نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ ہم پاکستان روانگی کے لیے 25 روز سے حکومتی اجازت کا انتظار کررہے تھے، اب ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے کیوں کہ ٹورنامنٹ بس شروع ہوا چاہتا ہے، جب میں نے وزارت خارجہ سے فون پر بات کی تھی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں اور وہ ہمارا ٹورنامنٹ منسوخ کرسکتے ہیں، انہوں نے ہمیں انکار کا باضابطہ خط بھیجنے کا بھی کہا تھا’۔

انہوں نے کہاکہ ’ وزارت خارجہ سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے ہمیں تاحال کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا ہے، ہم پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ہم بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ نہیں لیں گے’۔

شیلنڈرا یادو نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کے علاوہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گی، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کھلاڑیوں کی تمام محنت ضائع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ کرکٹ کیلیے افسوسناک ہے کیونکہ کرکٹ ہر ایک کا کھیل ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شائقین بغور دیکھتے ہیں اور دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ’اب پاکستان کو مفت واک اوور مل جائے گا، یہ طویل عرصے سے محنت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے افسوسناک ہے، بھارتی ٹیم کو کل 20 نومبر کو روانہ ہونا تھااور میرا نہیں خیال کہ اتنے قلیل وقت میں کوئی معجزہ رونما ہوسکتا ہے، لہٰذا ہم طے کرچکے ہیں کہ ہم لاہور میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے‘۔

بھارتی حکومت کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی جبکہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد ناممکن ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کہہ چکا ہے کہ بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ بھارتی ٹیم کے بغیر بھی کھیلا جائے گا، پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان بھارتی ٹیم کو ویزے جاری کرچکا ہے۔

یاد رہے کہ، بھارت بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے اور 2012،2017 اور 2022 سے مسلسل 3مرتبہ ٹورنامنٹ جیتتا ہوا آرہا ہے، 2022 میں بھارت نے بنگلورو میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں مسلسل تیسری بار ٹائٹل کے حصول کے لیے بنگلہ دیش کو 120 رنز سے شکست دی تھی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024