• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری

شائع November 22, 2024
سابق وزیراعظم — فائل فوٹو: اے پی
سابق وزیراعظم — فائل فوٹو: اے پی

توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل سے رہائی کی روبکار جاری کردی گئی۔

اسلام آباد اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی روبکار جاری کی۔

سابق وزیر اعظم کے 10،10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے طارق نون اور راجا غلام سجاد نے جمع کرائے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکمنامے میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی 10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے اور دو ضامنوں کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں خبردار کیا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہ اٹھائے، جب تک کہ عدالت استثنیٰ نہ دے، درخواست گزار کو ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔

عدالت عالیہ اسلام آباد نے اپنے حکم نامے میں قرار دیا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ اٹھائے تو استغاثہ ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتاہے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی درخواست ضمانت منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلہ میں دی جائیں گی۔

یاد رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 13 جولائی کو عدت کیس میں بری کیے جانے کے بعد اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول کی اس کیس میں ضمانت منظور کر لی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا تھا، بانی پی ٹی آئی گزشتہ سال 5 اگست کو توشہ خانہ ون کیس میں گرفتاری کیے جانے کے بعد سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

عمران خان کے خلاف 16 مزید مقدمات درج ہیں جن میں انہوں نے ضمانت نہیں حاصل کیں، تھانہ کوہسار میں 4، تھانہ نون میں2 ،کورال میں ایک مقدمہ درج ہے، سابق وزیراعظم کے خلاف تھانہ گولڑہ ،کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹاون، سنگجانی اور تھانہ رمنا میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔

سابق وزیراعظم کے خلاف تھانہ آبپارہ ، مارگلہ اور تھانہ ترنول میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے، بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی،کار سرکار مداخلت ،دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

توشہ ٹو میں ضمانت ملنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے 28 ستمبر کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں عمران خان کو گرفتار کرلیا تھا جب کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر اعظم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024