• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

چیمپئنز ٹرافی: پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی ظاہر کردی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

شائع November 30, 2024
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ نے رپورٹ کیا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان جانے سے معذرت کرلی تھی جبکہ متعدد میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ آئی سی سی چاہتا ہے کہ پی سی بی ہائبرڈ ماڈل پر رضامند ہو۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کے لیے تین شرائط رکھی ہیں۔

دریں اثنا آئی سی سی اور پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا لیکن رپورٹ میں کیے گئے دعویٰ کے مطابق بھارت اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے گا، ان میچز میں گروپ اسٹیج، سیمی فائنل اور فائنل شامل ہے۔

تاہم اگر بھارت ایونٹ کے اگلے مرحلے میں جانے کے لیے ناکام رہتا ہے تو اس صورت میں پاکستان لاہور میں سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے مستقبل میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی ایونٹس میں اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی شرط بھی عائد کی گئی۔

ادھر، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ جو بھی ہوگا برابری کی بنیاد پر ہوگا، چیمپئنز ٹرافی پر ہائبرڈ نہیں کوئی نیا فارمولا لائیں گے۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا فیصلہ کریں گے جس میں پاکستان کی عزت اور کرکٹ کی جیت ہو، مزید کہا کہ ایک ہی بار فیصلہ کریں گے جو طویل مدتی ہو۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ابھی چیمپئنز ٹرافی پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، جس سے معاملات خراب ہوں۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی نے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور پاکستان آنے والی ٹیموں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے کر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔

ملاقات کے بعد دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا فیصلہ کریں گے جس میں پاکستان کی عزت اور کرکٹ کی جیت ہو، مزید کہا کہ ایک ہی بار فیصلہ کریں گے جو طویل مدتی ہو۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ ابھی چیمپئنز ٹرافی پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، جس سے معاملات خراب ہوں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024