• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:57am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:57am Asr 3:22pm

ملائیشیا میں سیلاب: وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے فون پر اظہار ہمدردی

شائع December 1, 2024
— فائل فوٹو: وزیراعظم آفس
— فائل فوٹو: وزیراعظم آفس

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملک میں بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے ملک میں بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔

ہفتہ کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے فون کال کے دوران سیلاب سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ملائشین شہریوں کی بہتری کے لیے دعا کی اور دونوں اقوام کی دوستی اور تعاون کے جذبہ کے تحت امداد کی فراہمی کا ارادہ ظاہر کیا۔

داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ میں اس فراخدلی پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں آئندہ سال کے آغاز میں ملائشیا کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی متعدد ریاستوں میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں ملائیشیا کی حکومت کے فوری ردِعمل کی بھی تعریف کی اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔

شہباز شریف نے ملائیشیا کے بھائیوں کے پاکستان کی حمایت کی علامت کے طور پر فوری انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے فون کال پر دو طرفہ تعلقات کے مثبت رُخ پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ موسلا دھار بارشوں سے کئی مقامات پر پل بہہ گئے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 دسمبر 2024
کارٹون : 1 دسمبر 2024