• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

کیا ریال میڈریڈ کا زوال نوشتہ دیوار ہے؟

شائع December 5, 2024

دنیائے فٹبال کی تاریخ کا بہترین کلب ریال میڈریڈ حالیہ دنوں مصائب میں گھرا نظر آتا ہے۔ کھلاڑیوں کی فارم جیسے کہیں کھو سی گئی ہے جبکہ پے در پے انجریز نے ریال میڈریڈ کو اس سیزن پریشان کُن حالت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

اکتوبر میں بارسلونا سے شکست کیا ہوئی ریال میڈریڈ کی فارم ہی جیسے غائب ہوگئی اور ناقابلِ تسخیر سمجھی جانے والی ریال میڈریڈ ٹیم گزشتہ 8 میچز میں سے 4 میں شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔ وہ لالیگا پوائنٹس ٹیبل پر بھی جدوجہد کررہی ہے جبکہ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم رواں سیزن کس پوزیشن میں ہے، اس کا تو ذکر ہی نہ چھیڑیے۔

چیمپیئنز لیگ میں ریال میڈریڈ کی موجودہ پوزیشن کو سمجھنے کے لیے مختصر ذکر نئے فارمیٹ کا کردیتے ہیں جس نے ریال میڈریڈ کو آسمان سے زمین پر لا پٹخا ہے۔

یوئیفا چیمپیئنز لیگ میں اس سیزن نیا فارمیٹ متعارف ہوا ہے۔ اس بار 32 کے بجائے 36 ٹیمیں ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں جبکہ گروپ بندی کو ختم کردیا گیا ہے۔ ٹیمیں 4، 4 کے گروپس میں اپنے حریفوں سے کھیل کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرتی تھیں لیکن اس بار گروپ نہ ہونے کی وجہ سے ہر ٹیم کو الگورتھم کی جانب سے منتخب کردہ ٹیموں سے کل 8 میچز کھیلنا ہوں گے۔ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 8 میں شامل ٹیمیں راؤنڈ آف 16 میں چلی جائیں گی جبکہ 9ویں سے 24ویں سے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں راؤنڈ آف 16 کی بقیہ 8 ٹیموں کے لیے آپس میں دو لیگز پر مشتمل میچز کھیلیں گی۔ 25 سے 36 آنے والی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے فوری طور پر باہر ہوجائیں گی۔

چیمپیئنز لیگ میں بقا کی جدوجہد

تو صورتحال یہ ہے کہ 15 بار یوئیفا چیمپیئنز لیگ چیمپیئن رہنے والی ریال میڈریڈ رواں سیزن پوائنٹس ٹیبل پر ٹورنامنٹ میں بقا کی جدوجہد کررہی ہے۔ پرانے فارمیٹ میں مہارت رکھنے والی ریال میڈریڈ پے درپے یہ ٹائٹل جیتتی آرہی تھی تو ایسے میں جب انہیں نئے فارمیٹ میں کھیلنا پڑ رہا ہے تو ان کا چارم کھو سا گیا ہے۔

میڈریڈ نے گزشتہ 8 میچز میں سے 4 میں شکست کا سامنا کیا ہے
میڈریڈ نے گزشتہ 8 میچز میں سے 4 میں شکست کا سامنا کیا ہے

دفاعی چیمپیئن ٹورنامنٹ کے آغاز میں مسلسل تین میچز جیتنے میں کامیاب رہی جہاں اس نے چیلسی کو بھی شکست دی اور چیمپیئنز لیگ سیزن 2024-2023ء کے فائنل کی حریف جرمن کلب بروشیا ڈورٹمنڈ کو بھی 2-5 سے عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ لیکن پھر اکتوبر میں اسی ہفتے ریال میڈریڈ کا لالیگا میں بارسلونا سے ایل کلاسیکو ہوا جس میں 0-4 سے شکست کے بعد سے ریال میڈریڈ کی کارکردگی کا معیار اچانک گر گیا۔

اسی ہفتے ونیشیئس جونیئر کی جگہ مانچسٹر سٹی کے روڈری کو بہترین فٹبالر کا بالون ڈی اور دے دیا گیا تو ریال میڈریڈ کو ایک اور دھچکا لگا۔

کلین ایمباپے کی خراب کارکردگی

فری مگر سال کے سب سے اہم ٹرانسفر، فرانسیسی فٹبالر کلین ایمباپے ریال میڈریڈ میں شامل ہوئے تو دو سال سے ان کی ٹیم میں شمولیت کے خواب سجائے میڈریسٹاس اس زعم میں تھے کہ اب ان کا اٹیک یورپ کا بہترین اٹیک بن چکا ہے جس میں انہیں کوئی بھی ٹیم مات نہیں دے پائے گی اور یہ بات غلط بھی نہیں تھی۔ گزشتہ سیزن کے ینگ اسٹار جوڈ بیلنگہم، برازیلی اسٹارز روڈریگو اور وینیشیئس جونیئر کے ساتھ 19 سال کی عمر میں ورلڈ کپ جیتنے والے کلین ایمپابے کو شامل کیا گیا تو اس امتزاج کو تو یورپی فٹبال میں تباہی مچا دینا چاہیے تھا لیکن ضروری تو نہیں کہ توقعات ہمیشہ پوری ہوں۔

گزشتہ رات پینلٹی ضائع کرنے پر جوڈ بیلنگہم، کلین ایمباپے کو تسلی دیتے ہوئے—تصویر: ایکس
گزشتہ رات پینلٹی ضائع کرنے پر جوڈ بیلنگہم، کلین ایمباپے کو تسلی دیتے ہوئے—تصویر: ایکس

2021ء میں لیونل میسی کا ٹرانسفر جب فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین میں ہوا تو نیمار اور کلین ایمباپے کے ساتھ میسی کے امتزاج کو کہا جارہا تھا کہ یہ یورپ کا بہترین اٹیک ہے۔ اس وقت بھی یہ اٹیک کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکا البتہ 2022-2021ء سیزن میں کلین ایمباپے فرانسیسی لیگ ون کے ٹاپ اسکورر رہے جس کے لیے میسی اور نیمار کے اسسٹ کو سہرا دیا جاتا رہا۔

کلین ایمباپے کا ریال میڈریڈ کے ساتھ معاہدہ دو سال سے پائپ لائن میں تھا۔ پیرس کے قطری مالک زیادہ رقم کی پیش کش کرتے تو ایمباپے وہاں رک جاتے لیکن بلآخر معاہدے ختم ہونے پر جون میں وہ فری ایجنٹ کے طور پر ریال میڈریڈ میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے رونالڈو کی طرح اونو، دوس، تریس، ہالا میڈریڈ! (ہسپانوی زبان میں ایک، دو، تین) کہا تو شائقین کو لگا کہ ہاں یہ ریال میڈریڈ کے لیے اگلے رونالڈو بن سکتے ہیں لیکن ابھی آدھا سیزن بھی نہیں گزرا ہے اور وہ ریال میڈریڈ میں بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں جہاں ان کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور ان کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

اس سیزن ریال میڈریڈ کے ساتھ ان کی کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہی جبکہ چیمپیئنز لیگ میچ میں لیورپول کے خلاف اور لالیگا میچ میں ایتھلیٹک کلب کے خلاف ریال میڈریڈ کو جس شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کا ذمہ دار بھی کلین ایمباپے کو ٹھہرایا جارہا ہے جنہوں نے 7 دنوں میں ریال میڈریڈ کو ملنے والے پینلٹی کے دونوں چانسز ضائع کیے ہیں۔ اس سب میں مثبت بات یہ ہے کہ ریال میڈریڈ کے کوچ اینچولیٹی نے ایمباپے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ جلد ہی ان کی فارم لوٹ آئے گی۔

ہم فینز ایسے ہی ہوتے ہیں جب تک کوئی کھلاڑی اچھا کھیلتا رہتا ہے ہم اس کھلاڑی سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کرلیتے ہیں، ایسے میں اگر ان پر ذرا بھی برا وقت آجائے تو ٹیم میں ان کی شمولیت سے متعلق سوالات اٹھانے لگتے ہیں۔

—تصویر: ایکس
—تصویر: ایکس

تاہم ریال میڈریڈ کے گول کیپر کورٹوا نے ایمباپے کے حوالے سے ایک انتہائی دلچسپ تبصرہ کیا کہ ’ایمباپے کی فارم کی مثال اس کیچپ کی بوتل کی طرح ہے جس میں ایئر لاک کی وجہ سے مائع باہر نہیں آتا لیکن جب وہ باہر آتا ہے تو وہ یہ مائع بہت زیادہ ہوتا ہے‘۔

اب دیکھنا ہوگا کہ ایمباپے، کورٹوا کی اس مثال پر پورے اترتے ہیں یا نہیں لیکن ایک بات تو واضح ہے کہ ان کا مورال کافی حد تک گر چکا ہے کیونکہ وہ بہت سے خواب سجا کر ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔ رونالڈو کو اپنا آڈیئل ماننے والے ایمباپے نے بچپن سے ریال میڈریڈ میں شمولیت کے خواب دیکھے جبکہ وہ ریال میڈریڈ کی ٹرافیوں کی وسیع تر کلکشن میں بھی اضافہ کرنے کے خواہشمند تھے۔

ٹیم انجریز اور کوچ کا امتحان

ریال میڈریڈ اس وقت 24ویں نمبر پر براجمان ہے اور اس کے چیمپیئنز لیگ سے باہر ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ دفاعی چیمپیئن اگر باہر ہوگئی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ فٹبال کے بہترین کلب اور جس کے حصے میں چیمپیئنز لیگ کی سب سے زیادہ ٹرافیز ہیں، نیا فارمیٹ ہضم نہیں کرپائی۔

لیکن خراب کارکردگی کا الزام کھلاڑیوں کو بھی نہیں دیا جاسکتا۔ یہ امکان پہلے ہی ظاہر کیا جارہا تھا کہ چیمپیئنز لیگ میں میچز کی تعداد بڑھا دینے سے کھلاڑی انجرڈ ہوں گے کیونکہ وہ پہلے ہی مختلف لیگز میں کھیل رہے ہوتے ہیں۔ ریال میڈریڈ کے اہم کھلاڑی اس وقت انجری کا شکار ہیں۔ ایسے میں بیلنگہم مڈفیلڈنگ بھی کرے پھر اٹیک بھی کرے اور پوری فیلڈ پر بھاگتا پھرے گا تو کھلاڑی کے تھکنے اور انجری کے امکانات اتنے ہی زیادہ بڑھ جائیں گے۔ 40 سالہ موڈرچ پر پوری مڈفیلڈ انحصار کرے گی تو ٹیم کی کارکردگی لازمی طور پر خراب ہوگی۔ بلاشبہ ٹونی کروس کی کمی ریال میڈریڈ کو شدت سے محسوس ہورہی ہے کیونکہ ان کی موجودگی سے مڈ فیلڈ کی فکر نہیں ہوتی تھی جس کے لیے موڈرچ اور وہ کافی ہوتے تھے۔

ونیشیئس جونیئر، چاؤمینی، کارواہل جیسے اہم کھلاڑی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں، ایسے میں یہ کوچ اینچولیٹی کے لیے کڑا امتحان ہے کہ وہ بینچ پر موجود اچھے کھلاڑیوں کو کس طرح بروئے کار لاتے ہیں کیونکہ ریال میڈریڈ کے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ اگر اس وقت اردا گولیر کو بطور ونگر ٹیم میں شامل کرکے موقع دیا ہے تو اس فیصلے پر ثابت قدم رہنا ہوگا تاکہ نوجوان کھلاڑی میں خوداعتمادی پیدا ہو۔

بارسلونا کے سابق منیجر چاوی نے لامین یمال کو کھیلنے کا اعتماد دیا تھا جس کی وجہ سے وہ آج بارسلونا کی ٹیم میں انتہائی اہمیت اختیار کرچکے ہیں اور اب جب انجری کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تو بارسلونا کے کوچ ہسنی فلک بھی معترف ہیں کہ ان کی شمولیت سے کھیل میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ ترکیہ والے اردا گولیر کو ’ترکش میسی‘ کہتے ہیں، ان جیسے نوجوانوں کو بینچ نہیں بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

کوچ اینچولیٹی کو اردا گولیر پراعتماد کرنا ہوگا—تصویر: فیس بک
کوچ اینچولیٹی کو اردا گولیر پراعتماد کرنا ہوگا—تصویر: فیس بک

مانچسٹر سٹی بھی مشکلات سے دوچار

ریال میڈریڈ کے ساتھ ساتھ اس سیزن ایک اور کلب مشکلات میں گھرا ہے۔ پیپ گورڈیالا کی مانچسٹر سٹی بھی ریال میڈریڈ کی طرح پریشان نظر آتی ہے۔ اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے جب آرسنل کے خلاف پریمیئر لیگ کا میچ 2-2 سے برابر کرنے کے بعد آرسنل کے کوچ میکل ارتیتا کو کہا ’اسٹے ہمبل‘ اس کے بعد سے مانچسٹر سٹی تواتر سے بڑے بڑے میچز ہار رہی ہے، اور یہی الفاظ کسی طعنے کی طرح ہالینڈ اور سٹی کو با بار سنائے جارہے ہیں۔ سٹی کو جہاں چیمپیئنز لیگ میں اسپورٹنگ سے شکست ہوئی وہیں وہ پریمیئر لیگ میں لیورپول اور ٹوٹنہم سے بھی شکست کا سامنا کرچکی ہے۔

ایرلنگ ہالینڈ اور کوچ پیپ گورڈیالا کے لیے یہ سیزن ناکامیوں سے بھرپور ہے
ایرلنگ ہالینڈ اور کوچ پیپ گورڈیالا کے لیے یہ سیزن ناکامیوں سے بھرپور ہے

آئندہ دنوں میں مانچسٹر سٹی کے مانچسٹر یونائٹڈ کے ساتھ میچ کے سب منتظر ہیں کیونکہ اگر اس سے بھی سٹی کو شکست ہوئی تو یہ حالیہ برسوں میں آفیشلی سٹی کا بدترین پریمیئر لیگ سیزن ہوگا۔

حرف آخر

ہسپانوی کلب سمیت چیمپیئنز لیگ کی تمام ٹیمیں اب تک اپنے 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں۔ ایسے میں بقیہ تین میچز فیصلہ کریں گے کہ ریال میڈریڈ باہر ہوگی یا کسی طرح ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ میں کامیاب ہوجائے گی۔

چیمپیئنز لیگ میں پے در پے دو شکستوں نے ریال میڈریڈ کو مشکل صورت حال میں ڈال دیا ہے جس کے بعد سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا مضبوط اور مقبول ترین کلب کا زوال نوشتہ دیوار ہے؟

اس حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے لیکن ایک بات تو طے ہے کہ ریال میڈریڈ کا اس سیزن چیمپیئنز لیگ ٹرافی جیتنے کا امکان انتہائی کم ہے۔ لیکن اسے خارج از مکان قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ اگر ریال میڈریڈ کسی طرح راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لیتی ہے تو اس کے بعد بقیہ میچز پرانے فارمیٹ کے مطابق ہوں گے اور پھر ریال میڈریڈ کسی وجہ سے ہی کم بیک کنگز کے نام سے جانی جاتی ہے!

خولہ اعجاز

خولہ اعجاز ڈان کی اسٹاف ممبر ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024