• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

اسموگ تدارک کیس: لاہور ہائیکورٹ مارکیٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے پر برہم

شائع December 6, 2024
— فائل فوٹو: لاہور ہائیکورٹ ویب سائٹ
— فائل فوٹو: لاہور ہائیکورٹ ویب سائٹ

لاہور ہائی کورٹ نے مارکیٹس بند کرنے کے اوقات میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو سڑکوں پر ریڑھی لگانے والوں کے حوالے سے پالیسی لانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دینے پر ناراضی کا اظہار کیا، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ عدالت میں رپورٹ جمع کروائے بغیر وقت کیسے تبدیل ہوگیا؟

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ میں اس پر ابھی رپورٹ لے لیتا ہوں کہ کس بنا پر یہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں سورج ایسے ہی چمک رہا ہے جیسے اسلام آباد میں چمکتا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ہمیں اسے ضائع نہیں کرنا، یہ نہ ہو کہ اسموگ واپس آجائے، یہاں بہت سے پریشر گروپ اور مافیاز ہیں، مارکیٹس کا وقت تبدیل کرنے کا عمل بھی ایسا ہی لگتا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے، اس معاملے کو فوری دیکھ لیتے ہیں۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ افسران کو سمجھنا ہوگا کہ اسموگ بہت اہم معاملہ ہے، عدالت نے ایل ڈی اے کو سڑکوں پر ریڑھی لگانے والوں کے حوالے سے پالیسی لانے کی ہدایت کردی

عدالت نے کہا کہ سڑکوں پر ریڑھیاں لگنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، ریڑھیوں کے لیے الگ سے جگہ مختص ہونی چاہیے۔

ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ ہم اس حوالے سے کام کر رہے ہیں، مقصد غریب ریڑھی والوں کو تنگ کرنا نہیں بلکہ ان کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہر 6 ماہ بعد گاڑیوں کی فٹنس انسپکشن کے لیے پوائنٹس مقرر کر رہے ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بعد گاڑیوں پر ٹیگ لگایا جائے تاکہ سیف سٹی کیمروں سے گاڑی گزرے تو علم ہو جائے کہ اس پر فٹنس سرٹیفکیٹ کا ٹیگ لگا ہے یا نہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ کام سیف سٹی اتھارٹی کر سکتی ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل اور چھوٹے لوڈرز کو آپ نے خاص طور پر چیک کرنا ہے، عدالت نے کہا کہ رنگ روڑ کے اطراف اتوار کوز کوڑا کرکٹ جلایا جاتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے بڑھتی اسموگ کے پیش نظر 8 نومبر کو لاہور میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا جبکہ اتوار کو صوبے بھر میں مارکیٹیں بند رکھنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024