سول نافرمانی کی کال بھی بری طرح ناکام ہوگی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، زرمبادلہ میں اضافہ ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک مضحکہ خیز ہے،بل جلانے والوں نے ہی سول نافرمانی کی کال دی جو بری طرح ناکام ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ جھوٹابیانیہ بناکر لاشوں کی سیاست کی جارہی ہے، عوام تشدد کی سیاست مسترد کرچکے، بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی مستقبل نہیں۔
وزیر اطلاعات نے لطیف کھوسہ کو سیاست کے بجائے آرام کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاشوں پر متضاد بیانات دیے،لطیف کھوسہ کے گھر سے278 لاشیں برآمد کرلیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بل جلانے والوں نے ہی سول نافرمانی کی کال دی جو بری طرح ناکام ہوگی، عوام نے سول نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کم کرنے کی ضرورت ہے لوگوں کو سول نافرمانی سے کوئی غرض نہیں، سول نافرمانی والے جھوٹا نعرہ لگاکر دم دبا کر بھاگ گئے، ان کا آخری کارڈ پروڈکٹ کا بائیکاٹ ہے،
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہورہا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے،کے پی کرم میں لاشیں گر رہی ہیں، گنڈا پور کے صوبے میں امن و امان پر کوئی توجہ نہیں ہے۔