• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

اسحٰق ڈار اور ترکیہ کے وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال

شائع December 8, 2024
— فوٹو: فائل
— فوٹو: فائل

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے شام کی صورتحال پر ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جہاں دونوں وزرا نے پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے ترکیہ کے ہم منصب کو شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی سیکورٹی اور سلامتی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے متعلق اگاہ کیا۔

دونوں وزرا نے شام میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ممکنہ تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ شام میں تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، تمام شہریوں کو احتیاط کرنے کا کہا گیا ہے، شام میں بدلتی ہوئی صورتحال کا بہ غور جائزہ لے رہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے، شام کے متعلق ہمارے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شام میں پاکستان کا سفارت خانہ شہریوں کی مدد کے لیے کھلا ہے تاہم ابھی تک دمشق ایئرپورٹ بند ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمارا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کے ساتھ رابطے میں ہے، دمشق ایئرپورٹ کھلنے کے بعد شہریوں کی واپسی کی جائے گی۔

دریں اثنا دفتر خارجہ نے بشار الاسد کی معزولی سے قبل 7 دسمبر کو ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں شام میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مدد کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ’شام میں جاری پیش رفت اور بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر، وزارت خارجہ نے شام میں پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اپنے کرائسز مینجمنٹ یونٹ سی ایم یو ) کو فعال کر دیا ہے۔‘

پاکستانی شہریوں کو مدد کے لیے ’سی ایم یو‘ سے رابطہ کرنے کی ترغیب دی گئی تاہم پریس ریلیز میں پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے طریقہ کار سے اگاہ نہیں کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے رابطے کے لیے 9207887-051 نمبر اور [email protected] ایم میل فراہم کی ہے۔

اسی طرح دمشق میں پاکستانی سفارت خانہ شام میں پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے،’ پریس ریلیز میں سفارت خانے کی جانب سے رابطے کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

شہری سفارت خانے سے 963987127822+ اور 963990138972+ نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ شام کے صدر بشار الاسد 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد مبینہ طور پر ملک سے فرار ہوگئے تھے جبکہ باغیوں کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر دمشق کی فتح کا اعلان نشر ہوتے ہی ہزاروں افراد نے دارالحکومت کے مرکز میں واقع امیہ چوک میں آزادی کا جشن منایا تھا۔

باغیوں کی جانب سے اعلان میں کہا گیا تھا کہ ’ظالم بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا گیا ہے، دمشق کی جیل سے تمام قیدیوں کو رہا کر دیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تمام جنگجو اور شہری ریاست شام کی املاک کا تحفظ اور دیکھ بھال کریں، شام زندہ باد۔‘

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024