ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، پنجاب میں ڈکیتی کا ملزم سعودی عرب سے گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول نے خطرناک اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم ثنا اللہ ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ڈکیتی میں ملوث ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا ہے، گرفتار ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم ثنا اللہ کے خلاف 2021 میں ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ صدر جام پور، راجن پور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم سنگین جرم کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ انٹرپول ایک عالمی ادارہ ہے، اس کے قیام کا مقصد سنگین مقدمات میں رکن ممالک کو مطلوب ملزمان کی حوالگی کے لیے عالمی رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے، تاکہ دنیا میں بڑھتے ہوئے جرائم کا سدباب کیا جاسکے، بعض کیسز میں ملزمان کسی جرم کے بعد اپنا ملک چھوڑ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں، ایسی صورت میں انٹرپول کی مدد سے مطلوبہ قانونی کارروائی کے بعد ان ملزمان کی گرفتاری ممکن بنائی جاتی ہے۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم ثنااللہ کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
گرفتار ملزم کو ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول ہمہ وقت پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔