266 افراد کے قتل میں ملوث حماد صدیقی کیوں گرفتار نہیں ہوسکا؟ آئینی بینچ سندھ
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بیرون ملک فرار ملزموں کی عدم گرفتاری کو وزارت داخلہ کی نااہلی قرار دے دیا، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 266 افراد کے قتل میں ملوث حماد صدیقی کیوں گرفتار نہیں ہوسکا؟سنگین مقدمات میں ملوث شخص کی کون پشت پناہی کررہا ہے؟
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بیرون ملک فرار ملزموں کی عدم گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
جبران ناصر ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ عدالت نے جون 2023 کو مفرور ملزم تقی حیدر شاہ کو دبئی سے وطن واپس لانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے طویل عرصے سے مفرور ملزم کو وطن واپس لانے کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا۔
جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیے ہم نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مفرور ملزم کو بھی وطن واپس لانے کا حکم دیا تھا،سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مفرور ملزم کا کیا نام تھا، کتنےافراد کو جلا کر جاں بحق کیا گیا تھا؟
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سانحہ بلدیہ کے مفرور ملزم کا نام حماد صدیقی تھا اور واقعہ میں 266 افراد جل کر جاں ہوگئے تھے۔
دوران سماعت آئینی بینچ نے ملزم حماد صدیقی کے کیس کے بارے میں اظہار لاعلمی پر ڈپٹی پروٹوکول افسر سعدیہ گوہر کی سرزنش کردی۔
سعدیہ گوہر نے عدالت کو بتایا کہ تقی حیدر شاہ کو وطن واپس لانے کے لیے دستاویزات وزرات داخلہ نے فراہم کرنا تھیں، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو نے عدالت کو بتایا کہ مفرور ملزمان کو وطن واپس لانے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے۔
میں سانحہ بلدیہ کیس میں مفرور ملزم حماد صدیقی کی عدم گرفتاری پربرہمی کااظہارکیا۔
جسٹس کے کے آّغا نے استفسار کیا کہ 266 افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے کیوں وطن واپس نہیں لایا جاسکا؟ سنگین مقدمات میں ملوث شخص کی کون پشت پناہی کررہا ہے؟
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم حماد صدیقی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا اب تک کیا اقدامات کیے ہیں ؟ یہ وزارت داخلہ کی نااہلی ہےکہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے واپس نہیں لایا جاتا۔
آئینی بینچ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے افسر امجد شاہ کے قتل میں ملوث ملزم تقی شاہ کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث مفرور ملزم خرم نثار کو وطن واپس نہ لانے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔
عدالت نے مفرور ملزم حماد صدیقی ،تقی حیدر شاہ اور خرم نثار کی عدم گرفتاری پر وزارت داخلہ ،وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو 17 دسمبر کو طلب کرلیا۔