قلعہ سیف اللہ میں دستی بم پھٹنے سے 2 افراد ہلاک
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں دستی بم پھٹنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق لیویز ذرائع نے بتایا کہ دستی بم دھماکا قلعہ سیف اللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ میزئی اڈہ میں موٹر سائیکل پر 2 افراد جارہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دستی بم مبینہ طور پر موٹرسائیکل سواروں کے ہی پاس تھا جس کے پھٹنے سے موقع پر ہی دونوں افراد کی ہلاکت ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے بعد فوری سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جب کہ مرنے والے افراد کی شناخت کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔