مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر بھارتی پرواز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ( پی اے اے ) نے کہا ہے کہ گزشتہ شب بھارتی ایئرلائن کے سعودی عرب کے شہر جدہ کے لیے 186 مسافروں کو لانے والے طیارے کو مسافر کی طبیعت بگڑنے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔
پی اے اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کو جمعہ کی رات 10 بجکر 54 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ‘ کرنا پڑی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مسافر کو فوری طور پر دوائیں فراہم کی گئیں، جس کے بعد اس شخص کی حالت میں بہتری آئی، ایک ڈاکٹر کی جانب سے مسافر کو پرواز میں رہنے کے قابل قرار دینے کے بعد پرواز رات 2 بجے کے قریب اپنی منزل جدہ کے لیے روانہ ہوئی۔
پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار 24‘ کے مطابق یہ طیارہ ایئربس اے 321-271 این ایکس ماڈل کا تھا جس کی پرواز نمبر 6 ای 63 تھی۔
اس سے قبل بھی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھارتی ایئرلائنز کی ہنگامی لینڈنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں سے 2 واقعات جولائی 2022 میں پیش آئے تھے۔
واضح رہے کہ 5 جولائی 2022 کو اسپائس جیٹ کے طیارے نے دہلی سے دبئی کے لیے اڑان بھری تھی لیکن کپتان کی جانب سے خرابی کی اطلاع ملنے کے بعد اسے کراچی کی جانب موڑ دیا گیا تھا، ایئر لائن نے ’نارمل لینڈنگ‘ کی وجہ سگنل لائٹ کی خرابی کو قرار دیا تھا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر مسافروں کو طیارے کے اندر ہی رہنے کے لیے کہا گیا تھا، اسپائس جیٹ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا، جس کے بعد انہیں دبئی لے جانے کے لیے متبادل طیارہ کراچی بھیجا گیا تھا۔
اس کے ایک ہفتے بعد شارجہ سے بھارت کے شہر حیدرآباد جانے والا انڈیگو ایئر لائن کا طیارہ تکنیکی خرابی کی اطلاع ملنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا تھا۔
اس کے اگلے دن ہندوستان کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے اسپائس جیٹ کو وارننگ نوٹس جاری کیا تھا کیونکہ ان واقعات کے جائزے میں ایئر لائن کی طرف سے ’ناقص داخلی حفاظتی نگرانی اور ناکافی دیکھ بھال کے اقدامات‘ دکھائے گئے تھے۔
تازہ واقعے میں کراچی سے لاہور جانے والے ایئرلائن ’فلائی جناح‘ کے طیارے کو کارگو کمپارٹمنٹ میں دھواں بھرنے کی وجہ سے ستمبر میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔