چیمپئنز ٹرافی پر بھارت کی ایک اور شرط، شیڈول جاری نہ ہوسکا
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 کی راہ میں ایک آخری رکاوٹ حائل ہے، بھارتی بورڈ کا اصرار ہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں پہنچنے پر بھارت میں آکر کھیلے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایک شرط کے سوا پاکستان کی باقی تمام شرائط مان لی گئیں، تاہم بھارتی بورڈ کا اصرار ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا فائنل ہر صورت بھارت میں ہوگا، پاکستان اگر فائنل میں پہنچا تو بھارت میں کھیلے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں بھارت جاکر کھیلنے کے لیے راضی نہیں، آئی سی سی اور دیگر ممبران کی جانب سے اس آخری معاملے کا حل نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی پر تمام رکاوٹیں حل ہوتے ہی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا، پاکستان اور بھارت 2027 تک ایک دوسرے کے ممالک میں نہیں کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹو ڈے نے رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دونوں بورڈز کا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔
انڈیا ٹو ڈے نے بتایا تھا کہ پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی زر تلافی نہیں دیا جائے گا، تاہم اس کے بدلے میں پی سی بی کو 2027 کے بعد آئی سی سی وویمن ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔
یاد رہے کہ 11 دسمبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔
پس منظر
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔