• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

محسن نقوی کا سعودی عرب میں کالج کا دورہ، تعلیمی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

شائع December 18, 2024
— فوٹو: وزرات داخلہ ’ایکس‘
— فوٹو: وزرات داخلہ ’ایکس‘

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کالج کے دورے میں جدید تعلیمی معیار کو سراہنے کے ساتھ شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے سعودیہ کے پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ میں اعلیٰ حکام سے ملاقات بھی کی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق محسن نقوی نے آج کنگ فہد سیکیورٹی کالج (کے ایس ایف سی) کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کے دوران گریجویٹ طلبہ کے لیے تعلیمی دوروں اور تربیتی پروگرام کے انعقاد پر بات چیت کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے حال ہی میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے 30 سے زائد مفاہمتی یادداشتوں اور 2 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس میں جس میں توانائی، زراعت، آئی ٹی، صحت، تعلیم، کان کنی اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ ’ وزیرداخلہ نے کالج کے مختلف محکموں کا دورہ کیا اور تعلیمی معیار کو سراہا، وزیرداخلہ نے کالج میں فرانزک سائنس انسیٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔’

رپورٹ کے مطابق اس دوران انہیں مصنوعی ذہانت، لیڈرشپ مینجمنٹ اور سیکیورٹی اسٹڈیز کے ساتھ بین الاقوامی طلبہ کے لیے اسکالرشپس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

بعد ازں محسن نقوی نے سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے استقبال کیا۔

محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ میں جدید ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا اور پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو آسان بنانے اور جعل سازی کو روکنے کے ساتھ ساتھ ای گیٹس کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزارت داخلہ کی پوسٹ مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ پاکستان میں پاسپورٹس سسٹم کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے سعودی پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی رہنمائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے، مشترکہ تعاون لوگوں کو سہولت فراہم کرنے اور جعل سازی سے بچانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ’ سعودی پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرز پر پاکستان میں ایک کال سینٹر بھی بنایا جائے گا، سعودی عرب کے تعاون سے وہ لوگ جو پاکستان میں پاسپورٹس کے معاملے میں جعل سازی اور دستاویز میں ردوبدل کرتے ہیں، انہیں پاکستان میں ہی پکڑا جا سکے گا’۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی تھی اور دو طرفہ سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

محسن نقوی کا دورہ رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد آیا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقاتیں کی تھیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024