اسرائیل کی غزہ میں جارحیت جاری، مزید 30 فلسطینی شہید، 200 سے زائد زخمی
غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جہاں تازہ ترین حملوں میں مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق محصور اور بمباری کے شکار علاقے کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 38 افراد شہید اور 203 زخمی ہو چکے ہیں۔
شمالی غزہ میں واقع کمال عدوان ہسپتال ایک بار پھر حملے کی زد میں آ گیا جب کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں جن خیموں کو سیف زون سمجھا جاتا تھا،وہ آگ کی زد میں آ گئے جس سے متعدد افراد شہید ہوئے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط رکھنا بند کردے تو جنگ بندی کا معاہدہ ممکن ہے، جب کہ اسرائیلی وزیر دفاع نے اصرار کیا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد ان کا ملک غزہ میں سیکیورٹی کو مکمل آزادی کے ساتھ کنٹرول کرے گا۔
غزہ کی وزرات صحت کے مطابق گزشتہ برس سے جاری غزہ پر اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔