شاہین آفریدی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ’فارچیون باریشال‘ کی نمائندگی کریں گے
پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ’فارچیون باریشال‘ کی نمائندگی کریں گے۔
بنگلہ دیشی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق بی پی ایل کی دفاعی چیمپئین ’فارچیون باریشال‘ نے آج فاسٹ باؤلر کی باضابطہ دستیابی کا اعلان کیا۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا آغاز 30 دسمبر سے ہوگا، ٹورنامنٹ میں 7 ٹیمیں شامل ہیں، ڈھاکہ کیپیٹلز، چٹاگونگ کنگز، دربر راج شاہی، فارچیون باریشال، کھلنا ٹائیگرز، رینگپور رائڈرز اور سلہٹ سکسرز ایک مہینے سے زائد تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ایونٹ کا پہلا میچ اور فائنل ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ گروپ اسٹیج میچز میرپور اور سلہٹ میں بھی کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے حال ہی میں یہ کارنامہ ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انجام دیا تھا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر مینز ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔