نیہا ککڑ گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں
مقبول بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے گانوں کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
نیہا ککڑ نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں بھی پرفارمنس کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
نیہا ککڑ ماضی میں بھی پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش سمیت پاکستان میں پرفارمنس کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کر چکی ہیں۔
نیہا ککڑ کا شمار بھی ان چند بھارتی گلوکاروں میں ہوتا ہے، جنہیں پاکستان میں زیادہ پسند کیا جاتا اور سنا جاتا ہے۔
نیہا ککڑ نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں یہ کشیدگی اور مسائل سمجھ نہیں آتے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی ایک ہی ہیں اور دونوں ممالک کے لوگ بھائیوں کی طرح لگتے ہیں۔
نیہا ککڑ کا کہنا تھاکہ دنیا میں پاکستان اور بھارت کو لے کر جو باتیں ہوتی ہیں، انہیں سمجھ نہیں آتیں، ہونا تو یہ چاہیے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوجائیں اور دونوں ممالک کے لوگوں میں پیار بڑھ جانا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہوتا۔
گلوکارہ نے پاکستان میں پرفارمنس کرنے اور اپنے پسندیدہ گلوکار سے متعلق بات کرتے ہوئے عاصم اظہر کا 6 سال قبل 2018 میں ریلیز ہونے والا گانا ’جو تو نہ ملا‘ بھی گنگنایا۔
انہوں نے عاصم اظہر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گلوکار کا مذکورہ گانا بہت پسند ہے، انہیں بہت اچھا لگتا ہے وہ گانا۔
نیہا ککڑ نے پاکستان میں کام کرنے کی خواہش پر کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کبھی انہیں عاصم اظہر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور انہیں پاکستان جانے کا بھی چانس ملے۔
ان کی جانب سے تعریفیں کیے جانے اور ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کرنے پر عاصم اظہر نے بھی رد عمل دیتے ہوئے گلوکارہ کے ساتھ اظہار محبت کیا۔
عاصم اظہر نے نیہا ککڑ کی پریس کانفرنس کے اسکرین شاٹس کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے ان کی بات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار بھی کیا۔