• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

آپریشن گولڈ اسمتھ کے ریکروٹ عمران خان کی نجات کیلئے مہم چلارہے ہیں، خواجہ آصف

شائع December 25, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں وہ عمران خان کی نجات کے لیے ملکی مفادات کے خلاف بھر پور مہم چلا رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں وہ عمران خان کی نجات کے لیے پاکستان کے مفادات کے خلاف بھر پور مہم چلا رہے ہیں، ان عناصر کو اسرائیل کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور وہ میڈیا میں تواتر کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔’

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان ایک اسرائیلی اثاثہ ہیں جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو خدا نخواستہ سر نگوں کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کے لیے مغربی دنیا میں جو چند آوازیں اٹھ رہی ہیں ان پر یہ واضح ہونا چاہیئے کہ ہم پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہماری اول اور آخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے۔

خیال رہے کہ آج نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ئی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا

امریکی نشریاتی ادارے ’نیوز میکس‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بہترین تعلقات تھے، ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ڈونلڈ ٹرمپ پر تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔

رچرڈ گرینل کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جوبائیڈن انتظامیہ جوکام 4 سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024