رواں سال کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں 31 فیصد اضافہ
رواں سال کے پہلے 11 ماہ (جنوری تا نومبر) کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
ڈان نیوز کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں نے جنوری سے نومبر تک 21 ارب 5 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی۔
مذکورہ عرصے کے دوران سب سے زیادہ 7 ارب 29 کروڑ ڈالر کی رقم سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجی، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے 6 ارب 15کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو گزشتہ سال اسی عرصے سے 55 فیصد زائد ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے 4 ارب 71 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
3 ارب 61 کروڑ ڈالر کی دیگر اہم ترسیلات یورپی یونین سے موصول ہوئیں جبکہ امریکا سے 3 ارب 44 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
خیال رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم اکتوبر کے مقابلے نومبر میں ترسیلات زر میں 5 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔
جولائی سے 25 نومبر کے دوران سعودی عرب سے سب سے زیادہ 3.63 ارب ڈالر موصول ہوئے جس میں سال بہ سال 36.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔