نوشہرو فیروز اور جھنگ میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی
سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز اور پنجاب کے ضلع جھنگ میں الگ الگ ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں مورو کے قریب ٹرالر اور وین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تاہم، 10 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے سبب انہیں نواب شاہ منتقل کردیا گیا ہے، بدقسمت خاندان شادی کی تقریب سے واپسی پر حادثے کاشکار ہوگیا۔
ہسپتال میں ایمرجنسی کے دوران کسی قسم کی سہولیات میسر نہیں تھی جس سے زخمی تڑپ رہے تھے، تمام تر افراد کا تعلق تگر برادری سے ہے۔
جھنگ میں ہائی روف اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم
دوسری جانب، پنجاب کے ضلع جھنگ میں گڑھ موڑ کے قریب ہائی روف اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ ہائی روف کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، تمام زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس کے مطابق ہائی روف فیصل آباد سے فتح پور جارہی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔