• KHI: Asr 4:22pm Maghrib 5:58pm
  • LHR: Asr 3:37pm Maghrib 5:14pm
  • ISB: Asr 3:36pm Maghrib 5:15pm
  • KHI: Asr 4:22pm Maghrib 5:58pm
  • LHR: Asr 3:37pm Maghrib 5:14pm
  • ISB: Asr 3:36pm Maghrib 5:15pm

فیکٹ چیک: ایم ڈبلیو ایم مظاہرین پر دھرنوں کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگانے کا الزام غلط ہے

شائع January 3, 2025

2 جنوری کو مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متعدد صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اس میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے حامیوں نے کراچی میں ایک دھرنے کے دوران ملک مخالف نعرے لگائے، تاہم وہ نعرے دراصل امریکا کے خلاف تھے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے اس ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد اسے غلط قرار دیا ہے۔

دعویٰ

ایکس پر 2 جنوری کو شیئر کی گئی ویڈیو میں بعض صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے حامیوں کی جانب سے کراچی میں ایک دھرنے کے دوران ملک مخالف نعرے لگائے۔

’جانچ کا طریقہ کار‘

آئی ویریفائی پاکستان ٹیم نے اس ویڈیو کی تحقیقات کی اور اس بات کا تعین کیا ہے کہ یہ غلط ہے۔

ایکس پر مسلم لیگ (ن) کے حامی اکاؤنٹ نے دھرنے کی ویڈیو شیئر کی جس میں مذہبی جماعت کے رہنما کی جانب سے مردہ باد کے نعرے لگائے جارہے تھے۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ کچھ عرصہ قبل، ایک بڑی سیاسی جماعت اور اس کے سربراہ کے پاکستان مردہ باد کہنے پر پابندی لگائی گئی تھی، اب یہ لوگ نمائش پہ کھلے عام پاکستان مردہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں، دیکھتے ہیں آنے والے وقت میں ان پر کیا پابندی عائد ہوتی ہے یا نہیں۔

مذکورہ پوسٹ کو 76 ہزار 500 لوگوں نے دیکھا جبکہ ویڈیو کو صارفین کی جانب سے اسی کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا، ویڈیو کو نہ صرف ایکس بلکہ فیسبک پر بھی شیئر کیا گیا۔

پوسٹ پر کیے جانے والوں تبصروں میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پر پابندی عائد کرنے اور اسے غدار جماعت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

ویڈیو کے وائرل ہونے اور اس کے نتیجے میں سیاسی اور فرقہ ورانہ کشیدگی پھیلنے کے خدشے کے نظر فیکٹ چیک کیا گیا۔

ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد وائرل ہونے والے دعوؤں کے برعکس ایم ڈبلیو ایم رہنما کی جانب سے مردہ باد کے نعروں کے جواب میں شرکا نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے۔

35 سیکنڈز کی ویڈیو میں دھرنے کی قیادت کرنے والے رہنما اور شرکا کو یہ بھی کہتے سنا گیا کہ ’ امریکا کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے ’ تاہم پاکستان مخالف نعرے یا تقریر نہیں کی گئی۔

ویڈیو کی جانچ پڑتال کا نتیجہ: گمراہ کن

اس لیے یہ دعویٰ غلط ہے کہ اس ویڈیو میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما اور کارکنان نے نمائش چورنگی پر دھرنے کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگائے۔

وائرل ہونے والی اصلی ویڈیو میں امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے گئے اور پاکستان مخالف بات نہیں کی گئی، مذکورہ الزامات واضح طور پر ایم ڈبلیو ایم کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش تھی۔

واضح رہے کہ پارا چنار میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے کراچی میں 24 دسمبر سے شارع فیصل اور شارع پاکستان سمیت مختلف مقامات پر کئی روز سے دھرنے دیے جارہے تھے جس کے سبب شہر میں ٹریفک کا نظام درہم ہوگیا تھا اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

دھرنوں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان کراچی کے متعدد مقامات پر کشدیدگی بھی دیکھی گئی تاہم یکم جنوری کو سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس نے کرم میں دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جاری تمام دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025