حکومت، پی ٹی آئی کا مذاکرات کے دوران عمران خان کو بنی گالا منتقل کرنے کی پیشکش سے انکار
حکومت اور پی ٹی آئی دونوں نے سیاسی تلخی کم کرنے کے لیے جاری مذاکرات کے درمیان سابق وزیر اعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ یا کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی مبینہ پیشکش کیے جانے سے انکار کیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو بنی گالا منتقلی کی پیشکش کی گئی جبکہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی افواہیں گردش میں ہیں۔
دریں اثنا گزشتہ ماہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بنی گالا میں نظر بندی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے ’ڈان نیوز‘ کے پروگرام ’ان فوکس‘ میں گفتگو کے دوران عمران خان کو بنی گالا منتقلی کی پیشکش کو رد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے عمران خان سے ہی پوچھا جائے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے پہلے دو ادوار میں بھی اس طرح کی کوئی بات نہیں کی گئی اور جہاں تک میرا خیال ہے کہ حکومت یا کسی بھی دوسرے حلقے سے ایسی پیشکش نہیں کی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایسے دعوے کا ثبوت پیش کرنا چاہیے۔
دوسری جانب ’ڈان نیوز‘ کے پروگرام ’دوسرا رخ‘ میں بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح طور پر اپنی قید کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور وہ کسی بھی دوسرے مقام پر منتقل ہونے کی پیشکش کو رد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ خان صاحب اس بات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمیں انہیں کسی اور جگہ منتقل کرنے کی پیشکش نہیں ہوئی اور نہ ہی ہم اس کی حامی بھریں گے۔’
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ 26 نومبر سے پہلے ان کے اسٹیبلشمنٹ سے اچھے رابطے قائم ہوگئے تھے اور حالات مثبت سمت میں چل پڑے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی کی ایک اور کیس میں اچانک گرفتاری کے بعد یہ رابطے ختم ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بیک ڈور چینل میں کوئی رابطے نہیں ہورہے اور کمیٹی کے ذریعے صرف حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر کمیٹی مذاکرات میں آگے بڑھتی ہے تو اسے کامیابی تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے خصوصی مشیر رانا ثنا اللہ کے تین بڑی پارٹیوں کے سربراہان آصف علی زرداری، نوازشریف اور عمران خان کے اکٹھے بیٹھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما نے ایک آئیڈیل صورتحال کی بات کی تھی جس کا اس وقت سیاسی سوچ میں واضح فرق ہونے کی وجہ سے کوئی امکان نہیں۔