نیلم منیر کی شوہر کو بوسہ دینے سے روکنے کی ویڈیو وائرل
حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکارہ نیلم منیر کی جانب سے شوہر کو بوسہ دینے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
نیلم منیر نے رواں ماہ تین جنوری کو انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے شوہر کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں کرائے گئے فوٹوشوٹ کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کی تھی۔
اگرچہ نیلم منیر نے شوہر کے ہمراہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی تھیں، تاہم انہوں نے شوہر سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھی۔
اداکارہ کی جانب سے شوہر کے ہمراہ شیئر کی گئی تصاویر میں ان کے شوہر کو عرب لباس میں دیکھنے کے بعد بعض افراد نے اندازے لگائے کہ شاید اداکارہ نے کسی عرب شخص سے شادی کی ہے۔
تاہم بعد ازاں متعدد شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ نیلم منیر کے شوہر عرب نہیں، پاکستانی نژاد ہیں جو کہ دبئی میں ملازمت کرتے ہیں لیکن اس حوالے سے اداکارہ نے خود کوئی وضاحت نہیں کی۔
اب سوشل میڈیا ان کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں اداکارہ اپنے شوہر کو بوسہ دینے سے روکتی دکھائی دیتی ہیں۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اداکارہ کی رخصتی یا نکاح کے وقت پر بنائی گئی تھی۔
ویڈیو میں اداکارہ کو سرخ عروسی جب کہ ان کے شوہر کو روایتی سفید لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ اپنے شوہر کی جانب ہاتھ بڑھاتی ہیں تو ان کے شوہر اداکارہ کا ہاتھ اپنے ہونٹوں تک لے جاکر انہیں بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ شوہر کو ہاتھ کو چومنے سے روکتی ہیں، اس دوران وہ مسکراتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے شادی کے موقع پر شوہر کو ہاتھ چومنے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔