• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

شمالی غزہ میں حماس سے جھڑپ اور دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک، 14 زخمی

شائع January 12, 2025
— فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
— فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

شمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ اور دھماکا خیز مواد پھٹنے سے میں 4 اسرائیلی فوج ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، جبالیہ میں اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 2 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے جاری جارحیت کے دوران ہلاک ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد 403 ہو گئی۔

ٹائمز آف اسرائیل کی خبر کے مطابق اسرائیلی افواج نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کو شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران 4 صہیونی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی نشریاتی ادارے کان نے خبر دی ہے کہ جمعے کو شمالی جبالیہ میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے گیوتی بریگیڈ کے 8 فوجی زخمی ہو گئے جن میں سے 3 کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔

کان نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے اہل خانہ کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کیا تھا لیکن اس کی تشہیر نہیں کی۔

قبل ازیں، اسرائیلی فوج نے ہفتے کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے شمالی غزہ میں جبالیہ کے قریب ایک زمینی کارروائی میں 3 عسکریت پسندوں کو شہید کر دیا ہے، جہاں اسرائیلی فوجی اکتوبر کے اوائل سے شدید حملے کر رہے ہیں اور اس کا مقصد حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ جبالیہ کے قریب اسرائیلی حملے میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں، ترجمان محمود باسل نے تصدیق کی ہے کہ شمالی غزہ کے شہر جبالیہ میں حلوا اسکول پر اسرائیلی گولہ باری میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 8 افراد شہید ہوئے ہیں۔

محمود باسل نے کہا کہ حملے میں 19 بچوں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے اور حلوا اسکول میں ہزاروں بے گھر افراد مقیم ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے حلوا اسکول پر حملہ کیا ہے، بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فضائیہ نے ’ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں دہشت گردوں پر حملہ کیا‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے اسکول کے احاطے کو نشانہ بنایا ہے کیونکہ حماس نے حملوں کی منصوبہ بندی اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے اسکول کا استعمال کیا تھا۔

غزہ میں بے گھر افراد کی رہائش گاہوں پر اسرائیلی حملوں کے سلسلے میں یہ تازہ ترین حملہ ہے، جہاں 14 ماہ سے زیادہ عرصے سے لڑائی جاری ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی دہشت گردی میں کم از کم 46 ہزار 537 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں، اقوام متحدہ نے ان اعداد و شمار کو قابل اعتماد تسلیم کیا ہے۔

7 اکتوبر کو ہونے والے حماس حملے کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے، تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا جن میں سے تقریبا 100 اب بھی غزہ میں قید ہیں، حالانکہ ان میں سے کم از کم ایک تہائی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025