• KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:45pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:45pm
  • KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:45pm
  • ISB: Zuhr 12:18pm Asr 3:45pm

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں کون کون شریک ہوگا؟

شائع January 16, 2025
— فائل فوٹو: وائس آف امریکا
— فائل فوٹو: وائس آف امریکا

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں، اس تقریب میں کون، کون شریک ہوگا اس حوالے سے ابتدائی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کیا، امریکی جریدے فوربس کے مطابق انہوں نے انتخابی مہم میں کروڑوں ڈالر خرچ کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت میں ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے محکمے کی سربراہی بھی کریں گے، جبکہ ٹیک انٹرپرینیور وویک رامسوامی کا محکمہ بھی شامل ہوگا۔

حلف برداری کی تقریب میں ایلون مسک کی نشست دیگر امیر ترین افراد بشمول ایمیزون کے مالک جیف بیزوس اور ’میٹا‘ کے چیف ایگزیکٹیو مارک زگر برگ کے ساتھ ہو گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں صدراتی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے غیر ملکی رہنماؤں کو دعوت دینے کی روایت نہیں، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا ہے۔

’بلومبرگ‘ نے رپورٹ کیا کہ ارجنٹائن کے صدر ہاویئر ملے کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے، وہ نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ملاقات کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنما تھے۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو بھی تقریبِ میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے، تاہم وہ شرکت کے لیے اپنے ایک ایلچی کو بھیجیں گے۔

اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، لیکن انہوں نے واضح جواب نہیں دیا کہ آیا وہ شرکت کریں گی یا نہیں، ان کا کہنا ہے کہ یقین سے نہیں کہہ سکتیں کیونکہ نہیں پتا کہ مصروفیات انہیں تقریب میں شرکت کی اجازت دیں گی یا نہیں۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق صدر کی تقریبِ حلف برداری میں موجود تمام سابق امریکی صدور کی شرکت کی روایت بھی برقرار ہے، سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن بھی پیر کو ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔

تاہم 4 برس قبل بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں ڈونلڈ ٹرمپ نے شرکت نہیں کی تھی، وہ اس بات پر مصر تھے کہ انہیں انتخابات میں شکست نہیں ہوئی۔

سابق صدور براک اوباما، جارج بش اور بل کلنٹن بھی ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے, جارج بش کے ساتھ ان کی اہلیہ لارا بش اور بل کلنٹن اپنی اہلیہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ تقریب میں موجود ہوں گے۔

تاہم، سابق صدر براک اوباما اور مشل اوباما کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشل اوباما تقریبِ میں شریک نہیں ہوں گی۔’

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 جنوری 2025
کارٹون : 16 جنوری 2025