• KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm
  • KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm

جولائی تا دسمبر تیل کی درآمدات ایک فیصد اضافے سے 8.08 ارب ڈالر رہیں

شائع January 21, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران تیل کے درآمدی بل میں ایک سال قبل کے مقابلے میں ایک فیصد سے زائد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے تجزیے سے پتا چلتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات، صارفین کے استعمال کی اشیا اور خام مال سمیت تمام زمروں میں جولائی تا دسمبر 25-2024 میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں درآمدات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جولائی تا دسمبر مجموعی درآمدی بل 6.52 فیصد اضافے کے ساتھ 27.84 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جس کی بنیادی وجہ خام مال، ٹیکسٹائل مصنوعات، زرعی مصنوعات، مشینری اور آٹوموبائل کے شعبوں کی درآمد میں اضافہ ہے۔

مصنوعات کے لحاظ سے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی تا دسمبر پیٹرولیم گروپ کی درآمدات ایک فیصد اضافے کے ساتھ 8.08 ارب ڈالر رہیں، جس میں سب سے زیادہ اضافہ خام تیل سے ہوا، جس کی قدر میں 3.03 فیصد اضافہ ہوا، تاہم پیٹرولیم خام تیل کی مجموعی مقدار میں 16.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے 4.29 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.98 ملین ٹن ہوگئی۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدی لاگت میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، اس کے برعکس درآمد کی جانے والی مجموعی مقدار میں 8.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مجموعی مقدار 52 لاکھ 40 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب ایل این جی کی درآمدات میں 1.95 فیصد جبکہ ایل پی جی کی درآمدات میں 54.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹیکسٹائل، تعمیرات، سرکاری اور الیکٹریکل مشینری میں اضافے کی وجہ سے مشینری کی درآمدات 15.69 فیصد اضافے کے ساتھ 4.17 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال 3.61 ارب ڈالر تھیں، ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد میں 53.90 فیصد، برقی مشینری اور آلات کی درآمد میں 31.27 فیصد اور تعمیراتی مشینری کی درآمد میں 53.06 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹیلی کمیونی کیشن گروپ کی درآمدات میں سال بہ سال 1.33 فیصد کمی واقع ہوئی جس کی بنیادی وجہ زیر غور مہینوں کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں کمی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کی درآمدات میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 7.46 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ ٹیکس کی شرح میں اضافہ ہے۔

مجموعی ٹرانسپورٹ گروپ میں بھی رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ایک سال قبل کے مقابلے میں 15.81 فیصد کا مثبت اضافہ دیکھنے میں آیا، ٹرانسپورٹ کے شعبے کی ترقی میں سی کے ڈی/ایس کے ڈی اور سی بی یو گاڑیوں نے حصہ ڈالا۔

زرعی شعبے میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کھادوں کی درآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 39.83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد ادویاتی مصنوعات کی درآمدات میں 16.75 فیصد اور پلاسٹک مواد کی درآمدات میں 6.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ان مہینوں کے دوران کیڑے مار ادویہ کی درآمد میں 29.95 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

جولائی تا دسمبر کے دوران دھاتوں کی درآمد میں 5.14 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کی بنیادی وجہ لوہے اور اسٹیل اسکریپ کی درآمد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 جنوری 2025
کارٹون : 21 جنوری 2025