’عشق مرشد‘ کا گانا میں نے لکھا، گایا اور اس کی موسیقی ترتیب دی، احمد جہانزیب
گلوکار احمد جہانزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہی مقبول ڈرامے ’عشق مرشد‘ کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) کی شاعری لکھی اور موسیقی ترتیب دی۔
احمد جہانزیب نے حال ہی میں ہم ٹی وی کی بیسویں سالگرہ کی تقریب میں ’عشق مرشد‘ کے او ایس ٹی ’تیرا میرا ہے پیار امر‘ کو گایا بھی اور اسی دوران انہوں نے ہم ٹی وی سے گانے پر بات بھی کی۔
احمد جہانزیب نے ہم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کم عمری سے ہی گلوکاری کرتے آئے ہیں، انہیں محض 14 سے 15 برس کی عمر میں ہی شہرت مل گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ محض 15 سال کی عمر میں دنیا بھر کے لوگ ان کے مداح بن گئے تھے، انہوں نے سال 2000 میں بھی کئی مقبول گانے گائے، جو سننے والوں کو بہت پسند آئے۔
’عشق مرشد‘ کے او ایس ٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر احمد جہانزیب نے دعویٰ کیا کہ ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ کی شاعری انہوں نے ہی لکھی۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف انہوں نے گانے کو گایا بلکہ اس کی موسیقی بھی انہوں نے ترتیب دی اور گانے کی تیاری میں صرف اور صرف ان کا ہی کردار ہے۔
انہوں نے مذکورہ گانے کی کامیابی کا کریڈٹ بلال عباس اور در فشاں کی کیمسٹری کو قرر دیا اور کہا کہ انہوں نے اس قدر حقیقی منظر نگاری کی کہ گانے کی ویڈیو لوگوں کو پسند آئی۔
احمد جہانزیب نے مذکورہ گانے کی اپنی پسندیدہ ترین لائنیں بھی بتائیں۔
اگرچہ انہوں نے ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ کے حوالے سے مزید کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے جویریہ سعود کے دعوے کو غلط قرار دیا، تاہم دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہی گانے کو تنہا تیار کیا۔
ان سے قبل اکتوبر 2024 میں جویریہ سعود نے سما ٹی وی کے مارننگ شو میں دعویٰ کیا تھا کہ ’عشق مرشد‘ کے او ایس ٹی کی شاعری انہوں نے لکھی لیکن انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
’عشق مرشد‘ اکتوبر 2023 سے مئی 2024 تک ہم ٹی وی پر نشر ہوتا رہا ہے، مذکورہ ڈراما اور گانا ’تیرا میرا پیار ہے امر‘ سال کا بہترین ڈراما اور گانا قرار پائے تھے۔