کراچی میں سلمان خان کے رشتے دار نکل آئے
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بولی وڈ ’دبنگ ہیرو‘ سلمان خان کے خونی رشتے دار ہونے کا دعویٰ کرنے والا خاندان سامنے آگیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس کی ویڈیو رپورٹ کے مطابق تقسیم برصغیر کے وقت اندور سے کراچی آنے والے باری ماموں کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کے والد ان کے پھوپھا زاد بھائی ہیں۔
باری ماموں کے نام سے مشہور عمر رسیدہ شخص نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قیام پاکستان سے قبل ان کا اور سلمان خان کے دادا کا خاندان ریاست اندور میں رہائش پذیر تھا اور دونوں کے خاندان کے بڑے وہاں کی ریاستی پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان تھے۔
ان کے مطابق تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان آگیا جب کہ سلمان خان کے والد سلیم خان کے دادا اور والد وہیں رہ گئے، کیوں کہ اس وقت بھی وہ اندور پولیس کے اعلیٰ عہدوں پر براجمان تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سلمان خان کے والد کے دادا نے ان کی پھوپھی سے شادی کر رکھی تھی۔
باری ماموں کے مطابق سلمان خان کے والد سلیم خان ان کے پھوپھا زاد بھائی ہیں اور دونوں کے درمیان اب تک تعلق قائم ہے، دونوں کی فون پر بات ہوتی رہتی ہے جب کہ ماضی میں دونوں ملاقات بھی کر چکے ہیں۔
باری ماموں کا کہنا تھا کہ 1980 کے بعد وہ دو بار بھارت جا چکے ہیں اور انہوں نے سلمان خان کی رہائش گاہ میں ہی رہائش اختیار کی، دونوں کے خاندان کے درمیان آئے دن رابطہ رہتا ہے۔
ویڈیو میں باری ماموں کے بیٹے نے بتایا کہ 1980 کی دہائی میں سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان تینوں کراچی آئے تھے، اس وقت تینوں بھائی کم عمر تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں آنے کے بعد ارباز خان نے یہاں موٹر سائیکل چلائی تو ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا اور انہیں تین ماہ تک کراچی میں ہی رہنا پڑا۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس وقت سلمان خان چوں کہ اداکار نہیں تھے، اس لیے وہ کراچی کے لائٹ ہاؤس سے جینز پینٹس بھی خرید کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خود ممبئی بھی جا چکے ہیں، جہاں انہوں نے سلمان خان کے گھر رہائش اختیار کی جب کہ ان کے اور سلمان خان کے درمیان دبئی میں بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
سلمان خان کے رشتے دار ہونے کا دعویٰ کرنے والے خاندان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔