رام گوپال ورما کو تین ماہ قید کی سزا سنا دی گئی
بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما کو دھوکا دہی اور چیک باؤنس کیس میں عدالت نے تین ماہ قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی نشریاتی ادارے (این ڈی ٹی وی) کے مطابق ممبئی کے علاقے اندھیری کی مقامی عدالت نے سات سال پرانے کیس میں فلم ساز کو تین ماہ قید کی سزا سنائی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جاتے وقت رام گوپال ورما عدالت میں موجود نہیں تھے، عدالت نے فلم ساز کی غیرموجودگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابل وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں فلم ساز کو مقدمہ کرنے والے شخص کو تین لاکھ 72 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا، دوسری صورت میں انہیں مزید تین ماہ تک قید کی سزا سنادی۔
فوری طور پر رام گوپال ورما کو گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
خیال رہے کہ مذکورہ کیس ان کے خلاف 2018 میں دائر کیا گیا تھا، ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ فلم ساز نے انہیں بوگس چیک دیا جو کہ باؤنس ہوا اور بار بار تقاضا کرنے کے باوجود فلم ساز نے انہیں پیسے فراہم نہیں کیے۔
مذکورہ کیس گزشتہ سات سے عدالت میں زیر سماعت تھا اور متعدد سماعتوں میں رام گوپال ورما عدالت میں پیش بھی ہوئے۔