ماڈلنگ میں سانولی رنگت کا فائدہ رہا، سنیتا مارشل
ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ ماڈلنگ میں انہیں ان کی سانولی رنگت کی وجہ سے نقصان کے بجائے فائدہ ہوا، تاہم اداکاری میں انہیں کچھ مسئلہ ہوتا ہے۔
سنیتا مارشل نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز اور فیشن انڈسٹری میں رنگت کے حوالے سے پائی جانے والی تفریق پر بھی کھل کر بات کی۔
سنیتا مارشل نے بتایا کہ ماڈلنگ کی دنیا میں بعض اوقات ماڈلز کی رنگت کو گہرا یا سانولا کیا جاتا ہے تاکہ انہیں پہنائے گئے لباس اور بھی زیادہ خوبصورت نظر آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر دنیا بھر میں سانولی رنگت کو پسند کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے ماڈلنگ میں بعض ماڈلز کی رنگت کو مزید گہرا کیا جاتا ہے۔
سنیتا مارشل کے مطابق انہیں ماڈلنگ کے وقت رنگت کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا، البتہ انہیں سانولی رنگت کا فائدہ ہی ہوا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماڈلنگ کے وقت بعض منصوبوں کے اندر ان کی رنگت مزید گہری کی جاتی تھی تاکہ انہیں پہنائے گئے لباس اور بھی دیدہ زیب اور خوبصورت لگیں۔
سنیتا مارشل کا مزید کہنا تھا کہ البتہ اداکاری کے وقت انہیں ان کی رنگت کی وجہ سے کچھ مسئلہ ضرور ہوا اور ابھی تک ان کے ساتھ کچھ مسائل ہوتے ہیں لیکن وہ بہت زیادہ مسائل نہیں ہوتے۔
انہوں نے مثال دی کہ اگر کسی ڈرامے میں ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ گوری رنگت کی ہوگی تو ان کا منظر شوٹ ہونے میں مسئل ہوتا ہے، جس وجہ سے کیمرامین ان کی رنگت کو گورا یا پھر گوری خاتون کا رنگ سانولا کردیتے ہیں۔
ان کے مطابق ایک ہی سین میں گوری اور سانولی رنگت کی دو خواتین ہونے کی وجہ سے بعض اوقات شوٹنگ صحیح نہیں ہوتی تو انہیں ان کی رنگت کی وجہ سے مسئلہ ضرور ہوتا ہے، اس وقت کیمرامین کچھ انہیں گورا اور کچھ گوری اداکارہ کو سانولا کردیتے ہیں۔
سنیتا مارشل نے واضح کیا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں سانولی رنگت کی وجہ سے کوئی بڑا مسئلہ آج تک نہیں ہوا۔