اسپیکر قومی اسمبلی کا اسپیکر آزاد کشمیر کے قافلے پر حملے کی ’مکمل تحقیقات‘ کا مطالبہ
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملے کی ’مکمل اور فوری‘ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر سیکریٹری قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں اور آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان کے اسپیکرز پر مشتمل اسپیکرز فورم کی جانب سے چیف سیکریٹری خوشحال خان اور آئی جی پولیس عبدالجبار کو خطوط ارسال کیے۔
انہوں نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سے 3 دن میں جامع رپورٹ ان کے دفتر میں جمع کرانے کی بھی درخواست کی۔
خط آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حالیہ قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے، خطوط میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر پر حملے کو جمہوری اقدار اور عوامی نمائندوں کی سلامتی پر سنگین حملہ قرار دیا گیا ہے۔
خطوط میں اس واقعے کو پارلیمانی نمائندوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے اراکین پارلیمنٹ کے لیے شدید خطرے کا باعث ہیں اور جمہوری اداروں کے وقار کو مجروح کرتے ہیں۔
خطوط میں ابتدائی رپورٹس کے مطابق، حملے سے پہلے دھمکیاں موصول ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خطوط میں اسپیکرز فورم کی جانب سے اس معاملے پر فوری اور جامع انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مشتبہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
اسی طرح خطوط میں آزاد جموں و کشمیر کی مقامی انتظامیہ سے تین دن کے اندر اس واقعے کی مکمل رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی نمائندوں کی حفاظت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے، اور ایسے واقعات کے دوبارہ رونما نا ہونے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
خطوط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات عوام کے اعتماد کو مجروح کر سکتے ہیں۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکرز فورم اس بات پر زور دیتا ہے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے قابل عمل اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملہ ہوا تھا، تاہم خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔
چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب مظفرآباد کے نواحی علاقہ کھاوڑہ میں ایک سیاسی میٹنگ میں جا رہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔
نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں اسپیکر چوہدری لطیف اکبر محفوظ رہے تھے تاہم اس حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔