• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm

گھریلو صارفین کیلئے سوئی گیس مہنگی کرنے کے بجائے کمپنیوں کا منافع استعمال کرنے کا فیصلہ

شائع January 28, 2025
مصدق ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے گھریلو صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا — فائل فوٹو: ڈان
مصدق ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے گھریلو صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا — فائل فوٹو: ڈان

وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے سوئی گیس کمپنیوں کے منافع میں سے 82 ارب روپے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو قیمتوں میں اضافے سے بچایا جاسکے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں گیس کمپنیوں کے منافع میں 99 ارب روپے موجود ہیں، جس میں سے 82 ارب روپے اب گھریلو صارفین کو گیس ٹیرف میں اضافے سے بچانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گھریلو صارفین کی تمام کیٹیگریز کے لیے برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) کی قیمت میں 100 روپے فی ملین اضافے کی تجویز مسترد کردی، اور اب حکومت گردشی قرضوں کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے مختص رقم میں سے اضافے کو پورا کرنے کے لیے 82 ارب روپے ادا کرے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ گھریلو صارفین کے گیس ٹیرف میں اضافے کی تلافی کے لیے 82 ارب روپے ادا کرنے کے باوجود باقی 17 ارب روپے پیٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرضوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اب بھی موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گھریلو صارفین کے لیے 1770 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی تھی، لیکن وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کم آمدنی والے صارفین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ اس وقت گھریلو صارفین سے 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو وصول کیا جاتا ہے جو اوگرا کی مجوزہ رقم سے کافی کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے قدرتی گیس کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 1770 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گھریلو صارفین اور دیگر اہم شعبوں کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے 64 فیصد صارفین کا تعلق معاشی طور پر کمزور طبقے سے ہے اور وزیراعظم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ انہیں قیمتوں میں اضافے سے بچایا جائے، تاہم عام صنعت (کیپٹو پاور پلانٹس) کے لیے گیس کی فروخت کی قیمت 3 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3 ہزار 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے۔

گیس کی چوری میں کمی

وفاقی وزیر نے گیس چوری میں کمی لانے کے لیے اقدامات کے نتیجے میں حکومت کی کامیابی پر روشنی ڈالی، اور مزید بہتری کے بارے میں امید ظاہر کی۔

کراچی میں صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2500 صنعتی یونٹس میں سے صرف 18 نے 13 روپے فی یونٹ کے حساب سے کیپٹو بجلی پیدا کی، جب کہ باقی نے کے الیکٹرک سے 60 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی خریدی، یہ عدم مساوات مؤخر الذکر گروپ کو کافی نقصان پہنچاتی ہے۔

معیشت میں مجموعی طور پر بہتری کے بارے میں مصدق ملک نے کہا کہ افراط زر میں نمایاں کمی آئی ہے، جو دسمبر میں 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد رہ گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025