مغربی کنارے میں فلسطینی مجاہدین سے جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 5 زخمی
شمالی مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی مجاہدین کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ روس حین سے تعلق رکھنے والے کِفر بریگیڈ کے ہارو جاسوس یونٹ کا 20 سالہ اسٹاف سارجنٹ لیام ہازی گزشتہ ہفتے شمالی مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے انسداد دہشت گردی کے ایک بڑے آپریشن کے دوران ہلاک ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ پانچ زخمی فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے، 3 کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور ایک کی حالت بہتر ہے۔
آئی ڈی ایف کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہارو یونٹ کے فوجیوں نے جنین کیمپ کی ایک عمارت میں داخل ہونے کے بعد کم از کم 2 مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا، زخمی فوجیوں کو نکالنے کے دوران اسرائیلی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر نے علاقے میں فضائی حملہ کیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں فلسطینی مزاحمت کار جائے وقوع سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
دریں اثنا، گزشتہ روز مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی پولیس سے جھڑپ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم سرایا القدس کی نابلس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم اخلاق شہید ہوگئے۔
آئی ڈی ایف، اسرائیلی پولیس اور شین بیت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 42 سالہ قاسم اخلاق اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور پیش رفت میں ملوث تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ہینڈ گن سے لیس قاسم اخلاق نے فرار ہونے کی کوشش کی جب یام افسران نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد افسران نے فائرنگ کی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔
فلسطینی اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ قاسم اخلاق نابلس بٹالین کے سینئر کمانڈر تھے۔
فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ انہیں قاسم اخلاق کی موت کی اطلاع دی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ ان کی لاش اسرائیلی حکام کے قبضے میں ہے۔
اس سے ایک رات قبل مغربی کنارے کے قصبے تمون میں اسرائیلی فوج نے ایک ڈرون حملے میں 10 فسلطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ظالمانہ آپریشن آئرن وال شروع کر رکھا ہے، اسرائیلی کارروائیوں کا ہدف جنین شہر اور پناہ گزین کیمپ پر مرکوز ہے لیکن اس کا دائرہ تلکرم اور توبس کے علاقے تک بھی پھیل گیا ہے۔
اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں کارروائی میں اب تک کم از کم 29 فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے۔