• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:40pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:59pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:59pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:40pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:59pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:59pm

صدر زرداری نے پیکا قانون پر اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی، مولانا فضل الرحمٰن

شائع January 31, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پیکا ترمیم کے خلاف میڈیا کے تحفظات کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے قانون سازی سے متعلق اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جہلم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے قبل صحافیوں کی رائے پر غور کیا جانا چاہیے تھا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صدر پاکستان سے ٹیلی فون پر بات کی تھی اور ان سے درخواست کی تھی کہ وہ قانون پر صحافی برادری کو اعتماد میں لیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کے مطابق صدر نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ امریکا سے واپسی پر وزیر داخلہ محسن نقوی سے بات کریں گے۔

تاہم بعد میں صدر نے قانون پر دستخط کردیے اور وعدے کی پاسداری نہیں کی جو انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ اس سطح پر ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ قانون میں صحافی برادری کی رائے پر غور کیا جانا چاہیے تھا جس کا میڈیا پر وسیع اور براہ راست اثر پڑا، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی تاریخ کی روشنی میں بل کے غلط استعمال سے متعلق تحفظات جائز ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ صحافیوں کے ایک وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی موجودگی میں ملاقات کی تھی اور ان کی حمایت طلب کی تھی جس کے بعد جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے صدر زرداری کو فون کرکے ان سے مداخلت کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر زرداری نے مولانا کو یقین دلایا تھا کہ وہ یہ معاملہ وزیر داخلہ کے سامنے اٹھائیں گے لیکن صدر نے محسن نقوی کی واپسی کا انتظار بھی نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر نے ’دباؤ میں‘ بل پر دستخط کیے ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 1 فروری 2025
کارٹون : 31 جنوری 2025