محسن عباس حیدر کا نشئی شوبز شخصیات پر پابندی کا مطالبہ
اداکار، گلوکار و ٹی وی میزبان محسن عباس حیدر نے مطالبہ کیا ہے کہ جو نشہ کرنے والی تمام شوبز شخصیات کے شوٹنگ سیٹ پر آنے پر پابندی لگائی جائے۔
محسن عباس حیدر نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری اور فیس بک پوسٹ میں شوبز میں نشے کے عادی افراد سے متعلق دعویٰ کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا۔
محسن عباس حیدر نے مختصر لکھا کہ جو بھی اداکارہ، اداکار یا پھر ہدایت کار کسی طرح کا بھی نشہ کرتا ہے، اس کی شوٹنگ سیٹ پر آمد پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔
اداکار نے لکھا کہ چرس یا شراب نوشی سمیت کسی طرح کا بھی نشہ کرنے والے اداکار، اداکارہ اور ہدایت کار کے نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹ پر پابندی لگائی جانی چاہیے۔
اگرچہ انہوں نے شوبز شخصیات کے نشے کرنے سے متعلق پوسٹ کی، تاہم انہوں نے کسی بھی شخصیت کا نام نہیں لکھا۔
علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ نشئی شوبز شخصیات کے شوٹنگ سیٹ آنے پر کون پابندی لگائے؟
محسن عباس حیدر کی مذکورہ پوسٹ وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے اداکار پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا۔
جہاں زیادہ تر صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا، وہیں بعض افراد نے ان پر بھی سوالات اٹھائے اور لکھا کہ بیوی پر تشدد کرنے والے اداکار کے حوالے سے ان کا کیا کہنا ہے؟
ساتھ ہی کچھ افراد نے اداکار کے فیشن اسٹائل پر بھی سوالات اٹھائے اور لکھا کہ جو لڑکیوں کے ’نیکلس‘ (ہار) پہن کر سیٹ پر آتے ہیں، ان پر بھی پابندی لگائی جانی چاہیے۔
خیال رہے کہ ماضی میں محسن عباس حیدر پر اہلیہ نے بدترین تشدد کے الزامات عائد کیے تھے، جس بعد دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔