چیمپئنز ٹرافی: وزیراعظم 7 فروری کو قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے، محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 7 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے، جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح 11 فروری کو ہوگا۔
لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو اکتوبر میں بنانا شروع کیا اور آج 31 جنوری کو حالت آپ کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوالٹی کے حساب سے کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا، بھارت کرکٹ بورڈز سمیت تمام بورڈز سربراہان کوافتتاح کے موقع پر بلایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 فروری سے قبل تمام کام مکمل کرلیے جائیں گے، مزید کہا کہ 13ارب سے تمام اپگریڈیشنز کا کام کیا گیا ہے، لاہور میں ہوٹل بھی جلدی بنائیں گے، جبکہ کراچی میں بھی ہوٹل بنے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ آزاد ہے، پیسے کرکٹ بورڈ کی مرضی سے خرچ کرسکتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2026 میں وائٹ اور ریڈ بال کی الگ الگ ٹیمیں بنائی جائیں گی۔
قذافی اسٹیڈیم دلہن کی طرح سجنے لگا
ڈان نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل قذافی اسٹیڈیم دلہن کی طرح سجنے لگا، نئی جدید کرسیوں کی تنصیب مکمل کر لی گئی، 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں نیا اسٹیڈیم جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، محسن نقوی نے ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں دن رات کام پر شاباش دی۔
محسن نقوی نے ورکرز کو 8 فروری کا ٹرائی نیشن سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت بھی دی، چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میں خود آپ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھوں گا۔
چیئرمین پی سی بی نے نئی نشتوں پر بیٹھ کر اسٹیڈیم کا ویو دیکھا اور تمام فلورز، نئے ڈریسنگ رومز اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید ترین بین الاقوامی سہولتوں سے مزین اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کے ساتھ شائقین کرکٹ نئی سہولتوں سے محظوظ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری ٹیم نے دن رات محنت سے کام کیا اور ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور ہم اپنے وطن کی عزت میں مزید اضافہ کریں گے۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر 2024 کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔
چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔