وزیراعظم کے دورہ باکو میں 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، عبدالعلیم خان
آذربائیجان، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ باکو کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں میں تیل اور گیس کی تلاش، قابل تجدید توانائی اور توانائی کی کارکردگی کو بروئے کار لانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس سے ان اہم شعبوں میں مزید تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات عبدالعلیم خان (جو اس وقت باکو میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں) نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف رواں ماہ وسطی ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے، جب کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آذربائیجان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
عبدالعلیم خان نے پاکستان میں موجود وسیع مواقع پرروشنی ڈالی، جن میں سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے موٹر وے منصوبوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
اپنے دورے کے دوران علیم خان نے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا، یہ بات چیت آذربائیجان کے صدر کے گزشتہ سال پاکستان کے سرکاری دورے پر مبنی تھی جس سے دوطرفہ تعلقات کو نمایاں فروغ ملا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے، جسے اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے گا، انہوں نے پاکستان کی حالیہ اقتصادی ترقی کو سراہا اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے آذربائیجان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
علیم خان نے آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف، وزیر ٹرانسپورٹ رشاد نبیئیف، نائب وزیر معیشت صمد بشیرلی اور آذربائیجان کی اسٹیٹ آئل کمپنی کے صدر رووشان نجف سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان مذاکرات میں باہمی تجارت، توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے موٹر وے منصوبوں میں آذربائیجان کی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان کے حکام نے پاکستان کے نجکاری پروگرام بالخصوص سرکاری اداروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستانی وفد کو تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، ان اہم ملاقاتوں میں ایس آئی ایف سی کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد، سیکریٹری پیٹرولیم مومن علی آغا اور دیگر حکومتی نمائندے بھی علیم خان کے ہمراہ تھے۔
شہبازوف نے علیم خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کے لیے ایک نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، یہ ملاقات تیل و گیس، قابل تجدید توانائی اور توانائی کی بچت میں تعاون کے مواقع سمیت دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
مسٹر نجف سے ملاقات کے دوران علیم خان نے باہمی تعاون بڑھانے اور باہمی تجارت بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
عبدالعلیم خان کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کے وزرا کے ساتھ بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا اور پاکستان سے وسطی ایشیائی ریاستوں تک تجارتی راہداریوں، ریل نیٹ ورکس اور مواصلات کے دیگر ذرائع پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔