دانتوں میں خلال کرنا فالج اور امراض قلب سے بچانے میں مددگار
امریکا میں کی جانے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دانتوں میں خلال کرنے سے فالج اور امراض قلب جیسی سنگین بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
طبی جریدے ’ہارٹ‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی میں ہونے والی سالانہ کانفرنس میں پیش کیے جانے والے تحقیق کے نتائج سے دانتوں میں خلال کے حیران کن فوائد سامنے آئے۔
ماہرین نے گزشتہ 25 سال کے دوران 6 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ دانتوں میں خلال کرنے سے کیا فوائد ہوتے ہیں۔
ماہرین نے پایا 6 ہزار میں سے 4 ہزار 100 کے قریب رضاکاروں نے کسی طرح کی کوئی امراض قلب اور فالج کی پیچیدگی کا سامنا نہیں کیا۔
ماہرین کے مطابق 25 سال کے دوران 6 ہزار رضاکاروں میں سے 434 افراد کو فالج، 147 افراد کی شریانوں میں خون کی رکاوٹ، 97 افراد میں ہارٹ بلڈ کلاٹنگ جب کہ 95 افراد کی نسیں تنگ ہوگئیں، یعنی ان میں ہائی بلڈ پریشر شدید ہوا۔
ماہرین نے پایا کہ جن افراد نے باقاعدگی سے ہفتے میں کم سے کم ایک بار دانتوں میں خلال کیا تھا، ان میں فالج اور امراض قلب کی پیچیدگیاں نہیں ہوئیں۔
تقریبا تین دہائیوں بعد ان افراد میں پیچیدگیاں پائی گئیں، جنہوں نے دانتوں میں خلال نہیں کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق یومیہ یا ہفتے میں کم سے کم ایک بار دانتوں میں خلال کرنے سے فالج کے امکانات کو 22 فیصد جب کہ امراض قلب کے خطرات کو 44 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ دانتوں میں برش کرنا اور دانتوں کے ماہرین سے رجوع کرنا اور دانتوں کا علاج کروانا مزید مددگار ثابت ہوتا ہے، دانتوں کی بیماریاں یا پیچیدگیاں براہ راست دل اور دماغ کی بیماریوں سے منسلک ہیں۔
خیال رہے کہ دانتوں میں پھنس جانے والے غذائی ٹکڑوں کو ہاتھ یا کسی تیلی کی مدد سے نکالنے اور دانتوں کو کریدنے کو خلال کہا جاتا ہے جو کہ سنت نبوی ﷺ بھی ہے۔
ماہرین نے تسلیم کیا کہ خلال دانتوں کی صفائی کا سب سے آسان اور عام علاج ہے جو کہ ہر کسی دسترس میں بھی ہے جب کہ برش کرنے کے لیے مختلف لوازمات کی ضرورت ہوتی ہے۔