چیمپئنز ٹرافی 2025: پاک - بھارت ٹاکرے کے ٹکٹ ایک گھنٹے میں فروخت
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے ہائی وولٹیج مقابلے پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹ صرف ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں شیڈول روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے شائقین بے تاب ہیں ،یہی وجہ ہے کہ 23 فروری کو ہونے والے اس میچ کی ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 500 درہم یعنی 38 ہزار پاکستانی روپے تھی جسے مداحوں نے ہاتھوں ہاتھ خرید لیا۔
اس کے علاوہ پاک بھارت ٹاکرے کے لیے مہنگا ترین ٹکٹ 12 ہزار 500 درہم رکھا گیا تھا وہ بھی فروخت ہوگیا جب کہ 1000، 1200، 2500، 5000 درہم کا ٹکٹ بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا لیکن اس سے پہلے 8 فروری سے سہ ملکی سیریز شروع ہوگی، انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کا سلسلہ پانچ فروری سے شروع ہوگا۔
سہ ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ فروری اور جنوبی افریقہ کی ٹیم 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی اسکواڈ
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی
واضح رہے کہ 24 دسمبر 2024 کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔
چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔