گوگل پر پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر، درہم اور یورو کے ریٹ کم ہوگئے!
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل پر پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر، یورپی یونین کے یورو، برطانوی پاؤنڈ اور اماراتی درہم کے ریٹ انتہائی کم ہونے پر لوگ پریشان ہوگئے۔
گوگل نے اگرچہ واضح کر رکھا ہے کہ سرچ انجن پر دکھائے جانے والے کرنسی ریٹ کاروباری مقاصد اور کسی بھی قانونی لین دین کے لیے نہیں، تاہم گوگل کے کرنسی ریٹ کو مستند مانا جاتا ہے۔
گوگل پر اگر کسی بھی غیر ملکی کرنسی کے ریٹ پاکستانی روپے میں دیکھے جائیں تو گوگل تقریباً درست معلومات فراہم کرتا ہے، تاہم مذکورہ معلومات کسی بھی قانونی یا کاروباری مقاصد کے لیے حتمی نہیں سمجھی جاتی۔
تاہم تین فروری 2025 کو پاکستانی انٹرنیٹ صارفین اس وقت پریشان دکھائی دیے جب گوگل پر امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، یورپین یورو اور اماراتی درہم سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے ریٹ پاکستانی روپے کے مقابلے انتہائی کم نظر آنے لگے۔
گوگل پر تین فروری کو ایک امریکی ڈالر کے ریٹ پاکستانی 140 روپے دکھائے گئے جب کہ درحقیقت امریکی ڈالر پاکستانی 278 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح گوگل نے تین فروری کو پاؤنڈ، یورو اور درہم کے ریٹ بھی انتہائی کم دکھائے، جس پر انٹرنیٹ صارفین پریشان ہونے سمیت عارضی طور پر خوش بھی دکھائی دیے کہ پاکستانی روپے کی قدر اچانک بڑھ گئی۔
گوگل کی جانب سے غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے پاکستانی روپے کو مستحکم دکھانے کی غلطی نے جہاں انٹرنیٹ صارفین کو پریشان کردیا، وہیں بعض لوگ اس پر خوش بھی ہوتے دکھائی دیے اور اس پر مزاحیہ تبصرے بھی کرتے رہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ گوگل کی جانب سے غلطی میں غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے پاکستانی روپے کو زیادہ مستحکم دکھایا گیا ہو، ماضی میں بھی گوگل پر ایسی غلطیاں ہوتی رہی ہیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ گوگل پر ایسی غلطی کیوں ہوئی؟ تاہم ممکنہ طور پر کسی بھی ذرائع کی جانب سے اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے گوگل کو کرنسی ریٹ کی معلومات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ایسا ہوا۔
گوگل کو کرنسی کے ریٹ اسٹاک ایکسچیجز سمیت دوسرے کاروباری ادارے فراہم کرتے ہیں، گوگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی سی ایکس) کرنسی ریٹ فراہم نہیں کرتا اور اس کی تصدیق گوگل کی فہرست سے بھی ہوتی ہے۔
گوگل کی فہرست کے مطابق گوگل کو کوئی بھی پاکستانی ادارہ کرنسی ریٹ فراہم نہیں کرتا، اس وجہ سے گوگل پر دکھائے جانے والے کرنسی ریٹس کو مستند نہیں سمجھا جاتا، تاہم اس باوجود گوگل کرنسی سے متعلق تقریباً درست معلومات فراہم کرتا ہے۔