امیر گیلانی اور ماورا حسین کی اپنی شادی پر ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل
اداکار امیر گیلانی اور اداکارہ ماورا حسین کی جانب سے اپنی شادی کی تقریبات کے دوران ڈانس کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
دونوں نے 5 فروری کو انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے نکاح کرنے کی تصدیق کی تھی۔
دونوں کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے اور یہ پہلے ہی خبریں تھیں کہ دونوں جلد ہی رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
دونوں کی شادی کی تقریبات لاہور اور اسلام آباد میں ہوئیں، جن میں دونوں کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
دونوں کی شادی کی تقریبات میں فرحان سعید کی جانب سے گلوکاری کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں جب کہ عروہ حسین کی جانب سے بھی تقریبات میں پرفارمنس کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئی تھیں۔
اب دلہا اور دلہن کی جانب سے بھی اپنی شادی کی تقریبات میں ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔
وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں امیر گیلانی کو سب کے سامنے بھارتی گانے ’ساجن جی گھر آئے‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن ماورا حسین ڈانس کے اختتام پر دلہے امیر گیلانی کو گلے لگاتی ہیں۔
اسی طرح ایک ویڈیو میں ماورا حسین کو بھی رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ دلہن کو فرحان سعید کی گلوکاری پر بھی جھومتے دیکھا گیا۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی کی جانب سے شادی کی ویڈیوز اور تصاویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں، جہاں صارفین سمیت شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔