پاکستان کے خلاف میچ میں زخمی ہونے والے کیوی کھلاڑی دوسرے میچ سے باہر
پاکستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہونے والے نیوزی لینڈ کے بیٹر راچن رویندرا جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں فیلڈنگ کے دوران کیوی کھلاڑی راچن رویندرا کے ماتھے پر گیند لگ گئی تھی اور ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا، گیند لگنے سے راچن کے سر پر کٹ لگا تھا جس کے بعد انہیں فوراً گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ راچن راویندرا کے ماتھے پر ٹانکے لگے ہیں، بیٹر نے ابتدائی طور پر ہیڈ انجری اسسمنٹ پاس کی تھی اور وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ راچن راویندرا ایچ آئی اے کے عمل کے تحت زیر نگرانی رہیں گے تاہم کل جنوبی افریقہ کیخلاف سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں ان کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ کے دوران ہی انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں باؤلنگ کے دوران اپنے چھٹے اوور کی دوسری گیند کروانے کے بعد حارث کو سینے اور پیٹ کے بائیں جانب تیز درد محسوس ہوا، وہ اپنے کوٹے کے 10 اوورز بھی مکمل نہ کرسکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی معائنے میں حارث کو سائیڈ اسٹرین کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان کی اگلے میچ میں دستیابی کے حوالے سے فیصلہ فٹنس کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستانی ٹیم سیریز میں اپنا دوسرا میچ 12 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا، اس سے قبل جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 10 جنوری کو لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔