• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

اسرائیلی وزیراعظم کا سعودی عرب میں فلسطینی ریاست بنانے کا بیان اشتعال انگیز، ناقابل قبول ہے، اسحٰق ڈار

شائع February 9, 2025
— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیان اشتعال انگیز، غیر سنجیدہ اور ناقابل قبول ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے حالیہ بیان کی سخت مذمت کی ہے جس میں انہوں نے فلسطینی عوام کو سعودی عرب میں ریاست قائم کرنے کی غیر ذمہ دارانہ تجویز دی ہے ۔

ترجمان کے مطابق اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش اور فلسطینی کاز سے اس کی وابستگی کو غلط انداز میں پیش کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور اپنی تاریخی اور قانونی سرزمین پر ایک آزاد ریاست کے جائز حقوق کو بھی پامال اور نظر انداز کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا حق مسلمہ ہے، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی آبائی وطن سے بے دخلی یا منتقل کرنے کی کوئی بھی تجویز عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان فلسطینی کاز کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی وکالت کرنے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے حصول کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اس اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرے اور امن عمل کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششوں پر اسرائیل کا محاسبہ کرے۔

اس سے قبل، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فلسطینیوں کے مسلسل بگڑتے ہوئے حالات پر تبادلہ خیال کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے فلسطین کے معاملے پر ہنگامی طور پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کے فیصلے سے آگاہ کیا، جس پر اسحٰق دار نے اس حوالے سے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلوایا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تنازع فلسطین کے 2 ریاستی حل کی تجویز مسترد کرتے ہوئے سعودی عرب میں فلسطینی ریاست کے قیام کا مضحکہ خیز مشورہ دیا تھ۔

تاہم، سعودی عرب، فلسطین، مصر ،اردن اور متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم کی تجویز کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025