فیروز خان کی پریس کانفرنس میں تاخیر سے آنے کی معذرت کی ویڈیو وائرل
فیروز خان کی جانب سے لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں تاخیر سے آنے پر معذرت کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اداکار کی جانب سے معذرت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے سے قبل ان کی جانب سے خاتون صحافی سے چپقلش کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔
فیروز خان لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں مبینہ طور پر ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے پہنچے تھے، جس پر خاتون صحافی نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
خاتون صحافی کا کہنا تھا کہ میڈیا والے اداکار کا انتظار کرکے چلے گئے، اداکار کو میڈیا نے اسٹار بنایا اور اب اداکار ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے پہنچے ہیں، جس پر فیروز خان نے انہیں کہا تھا کہ میڈیا نے نہیں بلکہ مداحوں نے انہیں اسٹار بنایا اور خدا نے انہیں مقبولیت دی۔
علاوہ ازیں اداکار نے اس وقت معذرت کرنے کے بجائے دلیل دی تھی کہ ان کے ہاں گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس وجہ سے وہ ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے پہنچے۔
پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فیروز خان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی تنقید کی تھی۔
اب اداکار کی جانب سے پریس کانفرنس میں تاخیر سے آنے پر معذرت کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
مذکورہ تقریب میں ہی فیروز خان نے تاخیر سے آنے پر صحافیوں اور یوٹیوبرز سے معذرت کی۔
مختصر ویڈیو میں فیروز خان کہتے ہیں کہ وہ تاخیر سے آنے پر ان سب افراد سے معذرت خواہاں ہیں جو ان کا انتظار کر رہے تھے۔
اداکار ویڈیو میں مزید کہتے ہیں کہ ان میں کوئی غرور یا تکبر نہیں، وہ تاخیر سے آنے پر معذرت خواہاں ہیں۔