ریاض میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور عالمی اداروں میں متعدد معاہدوں پر دستخط
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے مختلف شعبوں سے متعدد بین الاقوامی کمپنیوں کو راغب کیا ہے اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری نمائش LEAP 2025 میں سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاشا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 100 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں ایک ہزار سے زائد مندوبین کے ساتھ ریاض میں ہونے والی ٹیک کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں جو دنیا بھر سے اختراعی اور ماہرین کے لیے مواقع پیش کرتی ہے۔
اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی فرمز LEAP 2025 میں اپنے تازہ ترین سلوشنز اور خدمات کی نمائش کر رہی ہیں، اسٹریٹجک نیٹ ورکنگ میں مشغول ہیں اور عرب مملکت میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہیں، جہاں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔
پاشا کے سینئر وائس چیئرمین محمد عمیر نظام نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں LEAP 2025 میں مختلف شعبوں سے متعدد غیر ملکی فرموں کو راغب کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پہلے ہی تجارتی میلے کے دوران پاکستانی کمپنیوں اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان متعدد تجارتی معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔
عمیر نظام نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ دیکھا، اور اس سال ایک اور ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں، جو کہ سرکاری اور نجی دونوں سطحوں پر نئے کاروباری معاہدوں کے ذریعے کارفرما ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاشا کی مشترکہ کوششوں نے آئی ٹی کمپنیوں کے لیے سعودی مارکیٹ اور جی سی سی کے پورے خطے میں آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔