مالی سال 25 کی پہلی ششماہی، پاکستان کی یورپی ممالک کو برآمدات میں اضافہ
مغربی ریاستوں میں شپمنٹس کی زائد طلب کے باعث 25-2024 کی پہلی ششماہی میں یورپی ممالک کو برآمدات میں 8.32 فیصد اضافہ ہواہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر مالی سال 25 کے دوران پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات 4 ارب 42 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال 4 ارب 8 کروڑ ڈالر تھیں۔
برآمدات میں اضافے کی وجہ مغربی، مشرقی اور شمالی یورپ میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں معمولی اضافہ ہے۔
مالی سال 24 میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے باوجود، جس کے تحت زیادہ تر یورپی منڈیوں میں ڈیوٹی فری داخلہ ممکن ہے، یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات 3.12 فیصد کم ہو کر 8 ارب 24 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔
اکتوبر 2023 میں یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے متفقہ طور پر جی ایس پی پلس کو مزید چار سال یعنی 2027 تک کے لیے توسیع دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
مغربی یورپی ممالک جن میں جرمنی، نیدرلینڈز، فرانس، اٹلی اور بیلجیئم شامل ہیں، یورپی یونین میں پاکستانی برآمدات کے لیے بڑی منڈیاں ہیں۔
مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں اس خطے میں برآمدات 12.16 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 18 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو مالی سال 24 کی پہلی ششماہی میں ایک ارب 94 کروڑ ڈالر تھیں۔
مشرقی اور شمالی یورپ کو برآمدات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مالی سال 25 کی پہلی ششماہی میں شمالی یورپ کو بر آمدات 14.29 فیصد اضافے کے ساتھ 35 کروڑ 34 لاکھ ڈالرز رہیں جو گزشتہ برس اسی مدت میں 30 کروڑ 92 لاکھ تھیں۔
مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں جنوبی یورپ کو برآمدات 0.06 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ ایک ارب 52 کروڑ 5 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ایک ارب 52 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تھیں۔
اس خطے میں مالی سال 25 کی ششماہی میں اسپین کو برآمدات 3.07 فیصد کم ہو کر 72 کروڑ 49 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال 74 کروڑ 79 لاکھ ڈالر تھیں۔
رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں اٹلی کو برآمدات 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ56 کروڑ 93 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 56 کروڑ 82 لاکھ ڈالر تھیں۔
اسی طرح یونان کو کی جانے والی برآمدات 7.77 فیصد اضافے کے ساتھ 7 کروڑ 84 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 65 کروڑ 73 لاکھ ڈالر تھیں۔
تاہم مشرقی یورپ کو برآمدات 18.75 فیصد اضافے کے ساتھ 36 کروڑ 48 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 30 کروڑ 72 لاکھ ڈالر تھیں۔
بریگزٹ سے قبل برطانیہ، پاکستان کی اہم برآمدی منڈی تھا، تاہم بریگزٹ کے بعد کے عرصے میں پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں کچھ اضافے کے ساتھ ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ہو گئیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں ایک ارب 2 کروڑ ڈالر تھیں، یعنی اس میں 7.84 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 24 میں پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات 2.33 فیصد اضافے کے ساتھ 2.014 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال ایک ارب 96 کروڑ ڈالر تھیں۔ مالی سال 24 کی ششماہی میں پاکستان کی مغربی یورپ کو برآمدات 12.16 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 18 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال 1 ارب 94 کروڑ ڈالر تھیں۔
مالی سال 24 کے 6 ماہ کے دوران جرمنی کو برآمدات 15.11 فیصد اضافے کے ساتھ84 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہیں۔ اسی طرح مالی سال 25 کی پہلی ششماہی میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری سب سے بڑی منڈی نیدرلینڈز کو برآمدات 10.79 فیصد اضافے کے ساتھ 74 کروڑ 27 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 67 کروڑ ڈالر تھیں۔
مالی سال 25 کے پہلے 6 ماہ کے دوران فرانس کو برآمدات 10.40 فیصد اضافےکے بعد 25 کروڑ 41 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 28 کروڑ 5 لاکھ ڈالر ہوگئیں، جب کہ بیلجیئم کو 27 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 7.55 فیصد اضافے کے ساتھ 29 کروڑ 89 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔