مریم نفیس کا شہریت کیلئے بچے کو بیرون ملک جنم دینے کے طعنوں پر کرارا جواب
اداکارہ مریم نفیس نے غیر ملکی شہریت کے لیے بچے کو بیرون ملک جنم دینے کے طعنے دینے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی خرابی یا برائی نہیں۔
مریم نفیس کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے، انہوں نے مارچ 2022 میں امان احمد سے شادی کی تھی۔
مریم نفیس نے حال ہی میں ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ برطانوی دارالحکومت لندن سے ویڈیو شیئر کی تو سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
اداکارہ کو پہلے بھی ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم لوگوں کی تنقید کی پرواہ کیے بغیر وہ ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں ان کی جانب سے ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد بعض مداحوں نے انہیں طعنے بھی دیے کہ وہ بچے کو غیر ملکی شہریت دلانے کے لیے بیرون ملک بچہ پیدا کرنے جا رہی ہیں۔
اداکارہ نے ایسے طعنے دینے والے صارفین کے میسیجز کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں کرارا جواب دیا۔
اداکارہ نے طعنے دینے والے صارفین کے میسیجز کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ بچے کی پیدائش کہیں بھی ہو، اسے اس کے والد کی وجہ سے غیر ملکی شہریت مل جاتی ہے۔
مریم نفیس نے لکھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بیٹی یا بیٹا کہاں پیدا ہوئے، اگر ان کا والد کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ہوگا تو بچے کو از خود شہریت مل جائے گی۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ اس بات میں کوئی برائی یا خرابی بھی نہیں ہے کہ کوئی کہاں بچے کو جنم دینا چاہتا ہے۔
ساتھ ہی مریم نفیس نے تنقید کرنے والے صارفین کو خاموش رہنے اور خاموشی سے بیٹھ جانے کی تلقین بھی کی۔