بچے کی پیدائش کے وقت شوہر نے کس طرح صرحا اصغر کی مدد کی؟
ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر نے اپنے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد اب بتایا ہے کہ شوہر نے ڈیلیوری کے وقت ان کی مدد کی، جس وجہ سے انہیں دوسری بار ماں بننے کے وقت زیادہ درد کا احساس نہیں ہوا۔
صرحا اصغر اور ان کے شوہر عمر لالا نے گزشتہ ماہ 21 جنوری کو ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بیٹی کی پیدائش کی تصدیق کی تھی۔
جوڑے نے دسمبر 2020 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش نومبر 2022 میں ہوئی تھی۔
اداکارہ کے ہاں پہلے بیٹے اور بعد ازاں بیٹی کی پیدائش ہوئی اور اب انہوں نے دوسری بار بچے کو جنم دینے سے متعلق ویڈیو جاری کردی۔
صرحا اصغر کی جانب سے دوسری بار بچے کو جنم دینے کے تجربے پر بات کرنے کے دوران کھل کر گفتگو کرنے پر سوشل میڈیا صارفین اور خصوصی طور پر خواتین نے ان کی تعریفیں کیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ پہلی بار ماں بننے کے مقابلے دوسری بار ماں بننا ان کے لیے آسان تھا، انہیں اس بار زیادہ درد یا تکلیف نہیں ہوئی۔
صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ دوسری بار ماں بننے کے وقت انہیں درد نہیں ہوا، وہ کئی گھنٹوں تک شدید درد سے گزریں لیکن اس بار پہلی بار بچے کو جنم دینے کے مقابلے مشکلات اور درد کم تھا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ڈاکٹرز اور ہسپتال عملے کی ہدایات اور ادویات کی مدد سے نارمل طریقے سے بچے کو جنم دیا، انہیں سرجری یا سی سیکشن نہیں کروانا پڑا۔
صرحا اصغر نے بتایا کہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد شوہر ان کے ساتھ رہے اور انہوں نے شوہر سے مدد بھی لی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کو ہدایات دے رکھی تھیں کہ درد کے وقت وہ اداکارہ کی مالش کرنے سمیت ان کا درد کم کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے انہیں دباتے رہیں۔
صرحا اصغر نے بتایا کہ شوہر کی جانب سے درد کے وقت ان کی مدد کیے جانے سے ان کی ڈیلیوری آسان بنی۔
ویڈیو میں اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ بچے کو جنم دینے کے بعد انہیں وائرل انفیکشن ہوگیا تھا اور وہ کئی دن تک بیمار رہیں، جس کے بعد ان کے شوہر بھی مذکورہ انفیکشن میں مبتلا ہوگئے۔
صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ ان کے اور شوہر کے بعد ان کے بچے بھی وائرل انفیکشن کا شکار ہوئے لیکن اب تمام اہل خانہ بالکل خیریت سے ہیں۔